سمارٹ اسکوٹر کے ذریعے کعبہ کا طواف جائز ہے، سعودی عالم دین

جو چلنے پھرنے کے قابل ہیں انہیں بھی طوافِ کعبہ کے لیے اسمارٹ اسکوٹر استعمال کرنے کی شرعی طور پر کوئی ممانعت نہیں، فتویٰ

ہفتہ 10 ستمبر 2016 10:46

ریاض( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔10ستمبر۔2016ء ) سعودی عالم دین نے کہا ہے کہ طوافِ کعبہ کے لیے اسمارٹ اسکوٹر یعنی ”ہوور بورڈ“ کا استعمال شرعی طور پر جائز ہے اور پیدل چلنے کی قدرت رکھنے والے افراد بھی اسمارٹ اسکوٹر کے ذریعے کعبة اللہ کا طواف کرسکتے ہیں۔عرب خبر رساں ادارے کے مطابق یہ فتویٰ سعودی عالم ڈاکٹر علی الحکمی نے جاری کیا ہے جو سعودی عرب میں سپریم علماء کونسل کے سینیر رکن ہیں۔

فتوے میں ڈاکٹر علی الحکمی کا کہنا ہے کہ وہ لوگ جو پیدل چلنے کی سکت نہیں رکھتے وہ الیکٹرک وہیل چیئر اور اسمارٹ اسکوٹر (ہوور بورڈ) استعمال کرسکتے ہیں۔ انہوں نے مزید واضح کیا کہ وہ لوگ جو چلنے پھرنے کے قابل ہیں انہیں بھی طوافِ کعبہ کے لیے اسمارٹ اسکوٹر استعمال کرنے کی شرعی طور پر کوئی ممانعت نہیں۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر الحکمی کا کہنا ہے کہ حج یا عمرہ کرنے والے عازمین اگر چلنے پھرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں تو افضل یہی ہے کہ وہ اپنے پاوٴں پر چل کر طوافِ کعبہ کریں لیکن چلنے پھرنے کی قدرت رکھتے ہوئے بھی وہ کعبہ کا طواف کرنے کے لیے اسمارٹ موٹر استعمال کرلیں تو شریعت اس کی بھی اجازت دیتی ہے البتہ وہ سعودی حکومت سے منظور شدہ موٹر (اسمارٹ اسکوٹر) ہونی چاہیے تاکہ طواف کرنے والے دوسرے زائرین کو پریشانی نہ ہو۔

واضح رہے کہ حج بیت اللہ کا فریضہ ادا کرنے والے لاکھوں فرزندان توحید میں معذور، بیمار اور عمر رسیدہ افراد بھی شامل ہوتے ہیں جو اپنی مدد آپ کے تحت سعی اور طواف نہیں کرپاتے۔ سعودی حکومت کی طرف سے ایسے معذور عازمین کے لیے الیکٹرک وہیل چیئر کی سہولت مہیا کر رکھی ہے۔ مسجد الحرام میں سرکاری کے علاوہ نجی شعبے کی جانب سے بھی الیکٹرک وہیل چیئرز انتہائی مناسب کرائے پر دستیاب ہوتی ہیں جن میں اسمارٹ اسکوٹرز بھی شامل ہیں جنہیں عازمینِ حج و عمرہ اپنی مدد آپ کے تحت چلا سکتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :