الیکشن کمیشن ، مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانیوالی سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹسز جاری

جمعہ 9 ستمبر 2016 10:19

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔9ستمبر۔2016ء) الیکشن کمیشن نے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹسز جاری کر دیئے ہیں، تفصیلات کے مطابق کے روز الیکشن کمیشن نے مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتوں کو دوبارہ نوٹسز جاری کئے ہیں، واضح رہے کہ الیکشن کمیشن نے تمام سیاسی جماعتوں کو29اگسٹ تک مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ڈیڈ لائن دی تھی، تاہم مقررہ تاریخ تک صرف8سیاسی جماعتوں نے اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرائیں، گزشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹس میں کہا گیا ہے کہ پولیٹیکل پارٹیزآرڈر2002کے تحت وہ ہر سال مالی گوشواردہ کی تفصیلات جمع کرانے کی پابند ہیںِ، جبکہ انہیں اپنی سالانہ آمدنی، اخراجات اور ملنے والے فنڈز کے ذرائع بتانا لازم ہیں، الیکشن کمیشن نے واضح کیا ہے کہ مالی اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے تک سیاسی جماعتوں کو عام انتخابات یا ضمنی الیکشن میں انتخابی نشانات الاٹ نہیں کئے جائیں گے، یاد رہے کہ الیکشن کمیشن نے سیاسی جماعتوں کے امیدواروں کے اثاثوں کی بھی تفصیلات جمع کرانے کی ہدایت کی ہے، الیکشن کمیشن کے پاس تفصیلات جمع نہ کرانے پر کوئے خاص سزا نہ ہونے کی وجہ سے سیاسی جماعتیں اس پر عمل میں سنجیدہ نظر نہیں آتیں۔