کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے کرپشن کے خلاف احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارچ

مرکزی رہنما فیصل واڈا کو حراست میں لے کر بکتر بندگاڑی میں منتقل کردیا گیا

جمعرات 8 ستمبر 2016 10:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔8ستمبر۔2016ء)کراچی میں پاکستان تحریک انصاف کے کرپشن کے خلاف احتجاج پر پولیس کا لاٹھی چارچ مرکزی رہنما فیصل واڈا کو حراست میں لے کر بکتر بندگاڑی میں منتقل کردیا گیا ہے ، تفصیلات کے مطابق بدھ کو پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے کراچی کے علاقے شارع فیصل پر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا جس کی وجہ سے بدترین ٹریفک جام ہوگیا اور ہزاروں شہری گھنٹوں سڑک پر پھنسے رہے ٹریفک جام ہونے کی اطلاعات وزیراعلیٰ سندھ تک پہنچی جنہوں نے فوری طور پر آئی جی سندھ کو فون کرکے کہا کہ کسی بھی صورت میں شارع فیصل کلیئر کرایا جائے ، وزیراعلیٰ کے حکم کے بعد کراچی پولیس ایکشن میں آگئی اور مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے لاٹھی چارچ کرتے ہوئے شارع فیصل کو ٹریفک کے لیے کھول دیا جبکہ ایس ایس پی ملیر راوٴ انوار کی سربراہی میں پولیس نے فیصل واڈا کو حراست میں لیکر نامعلوم جگہ پر منتقل کردیا فیصل واڈا کی حراست کے بعد پی ٹی آئی کے کارکنان نے پولیس کے خلاف نعرے بازی کی۔