وزیر اعظم انٹرن شپ پروگرام 2016-17 کے تحت آئی ٹی گریجویٹس نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہمی کیلئے جلد اشتہار جاری کیا جائے

وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن کی ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کو ھدایت

بدھ 7 ستمبر 2016 09:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2016ء) وزیر مملکت برائے آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام مسز انوشہ رحمن نے ایم ڈی پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کو ھدایت کی ہے کہ وزیر اعظم انٹرن شپ پروگرام 2016-17 کے تحت آئی ٹی گریجویٹس نوجوانوں کو انٹرن شپ فراہمی کیلئے جلد اشتہار جاری کریں تاکہ ان نوجوان آئی ٹی گریجویٹس کو عملی تربیت مہیا کرنے کیلئے ملک کی ممتاز آئی ٹی کمپنیوں، ٹیلی کام سیکٹر کے آئی ٹی ڈیپارٹمنٹس، بینکوں اور اس طرح کے دوسرے اہم اداروں کے ساتھ چھ ماہ کیلئے منسلک کیا جا سکے۔

تاکہ ان نوجوانوں کو روزگار کے روشن مواقع میسر آ سکیں۔ انہوں نے یہ بات پاکستان سافٹ وئیر ایکسپورٹ بورڈ کے چونتیسویں (34th)بورڈ آ ف ڈائریکٹرز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں وفاقی سیکریٹری آئی ٹی رضوان بشیر خان، ، ممبر ایچ آر طاہر مشتاق، ایم ڈی پی ایس ای بی عا صم شہر یار حسین ،پاکستان سافٹ وئیر ہاؤسز ایسوسی ایشن(پاشا) اور ٹی ڈاپ(TDAP) کے نمائندگان ودیگر بورڈ ممبران بھی شریک ہوئے۔

(جاری ہے)

وزیر مملکت نے ایم ڈی پی ایس ای بی کو ھدایت کی کہ وہ انٹرن شپ پروگرام کیلئے الگ سے ایک "ویب پورٹل" بنائیں جس میں پاکستان سوفٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ کے ساتھ رجسٹرڈ تمام آئی ٹی کمپنیوں کی مکمل تفصیلات موجود ہوں اور اس پورٹل کو روزانہ کی بنیاد پر" اپ ڈیٹ" کیا جائے۔ بورڈ نے کورین ایگزم بینک کی معاونت سے شروع کیے جانے والے آئی ٹی پارک منصوبے کی کارکردگی کا بھی جائزہ لیا۔

وزیر مملکت انوشہ رحمٰن نے پی- سیب افسران سے کہا کہ وہ کورین حکام کے ساتھ لون ایگریمنٹ جلد سائن کریں تاکہ اسلام آباد میں 45 ایکڑ پر مشتمل پہلے اسٹیٹ آف دی آرٹ آئی ٹی پارک کا سنگ بنیاد رکھا جا سکے۔ ایم ڈی پی سیب (PSEB) نے بورڈ اراکین کو سی ایم ایم آئیسرٹیفکیشن کی تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ پاکستان سافٹ ویئر ایکسپورٹ بورڈ پہلے مرحلے میں شارٹ لسٹ کی گئی 21 آئی ٹی کمپنیوں کوسی ایم ایم آئی سرٹیفکیشن کی تربیت فراہم کر رہا ھے جبکہ ٹرینگ کا دوسرا مرحلہ جنوری 2017 میں شروع کیا جائے گا۔

وزیر مملکت نے اس منصوبے کو سراھتے ہوئے کہا کہ سی ایم ایم آئی سرٹیفکیشن کا مقامی طور پر شروع کیا جانا انتہائی خوش آئند اقدام ہے۔ اس سے نہ صرف آئی ٹی کمپینوں کو اپنی استعداد کار بڑھانے میں مدد ملے گی بلکہ ان کمپنیوں کے بین الاقوامی صارفین کی نظر میں ان کمپنیوں کی قدر و منزلت میں مزید اضافہ ہوگا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی سطح پر بین الاقوامی سرٹیفکیشن کے آغاز سے ان کمپنیوں کو انتہائی کم لاگت میں عالمی معیار کی سرٹیفکیشن میسر آسکے گی۔

متعلقہ عنوان :