پاکستان اور سینیگال کا مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق

دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت ہے ، پاکستان زرعی شعبے میں سینیگال کو فنی تعاون فراہم کر سکتا ہے، نوازشریف وزیراعظم نے صدر میکی سال اور ان کے 34رکنی وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا

بدھ 7 ستمبر 2016 10:17

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2016ء)پاکستان اور سینیگال نے مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے ۔یہ اتفاق رائے وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیراعظم نواز شریف اور سینیگال کے صدر میکی سال کے درمیان معاونین کے بغیر ملاقات میں طے پایا۔ وزیراعظم نوازشریف نے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی حجم بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان زرعی شعبے میں سینیگال کو فنی تعاون فراہم کر سکتا ہے۔ معاونین کے بغیر ملاقات کے بعد دونوں ملکوں کے درمیان وفود کی سطح پر بات چیت ہوئی۔وزیراعظم نواز شریف اور سینیگال کے صدر نے بات چیت میں اپنے اپنے وفود کی قیادت کی۔ فریقین نے تعلیمی ، زرعی اور معاشی شعبوں میں تعاون مضبوط بنانے پر اتفاق کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے تجارت اور دفاع کے شعبوں میں تعلقات مستحکم بنانے کے بارے میں بھی بات چیت کی۔

بعد میں وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد میں سینیگال کے صدر میکی سال اور ان کے وفد کے اعزاز میں ظہرانہ بھی دیا۔ ظہرانے میں وفاقی کابینہ کے ارکان ، اراکین پارلیمنٹ اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ایوان وزیراعظم آمد پر سینگال کے صدر کو مسلح افواج کے چاق وچوبند دستے نے گارڈ آف آنر پیش کیا۔ انہوں نے گارڈ آف آنر کا معائنہ کیا۔ اس موقع پر دونوں ملکوں کے قومی ترانے بجائے گئے۔

اس سے پہلے سینیگال کے صدر میکی سال اپنے 34رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان کے دوروزہ دورے پر منگل کے روزپاکستان پہنچے تو نورخان ایئربیس پر وزیراعظم نواز شریف نے میکی سال کا استقبال کیا ،اس موقع پر بچوں نے معزز مہمان کو پھول پیش کیے۔ اس موقع پر سینیگال کے صدر کو21توپوں کی سلامی پیش کی گئی۔صدر میکی سال کا ایئرپورٹ پر موجود حکام سے تعارف کرایا گیا جو دو روزہ قیام کے دوران پاکستان کے اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کریں گے۔ ملاقات میں دو طرفہ امور پر بات چیت کی جائے گی۔ پاکستان اور سینی گال کے درمیان تجارت اور سرمایہ کاری سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کے معاہدوں اور باہمی مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط بھی ہونگے۔

متعلقہ عنوان :