وزیراعظم ، وزیراعلیٰ پنجاب ، وزیر خزانہ اور عمران خان سمیت دیگر سیاستدانوں کی نااہلی کیلئے دائرریفرنسز کی سماعت اٹھائیس ستمبر تک ملتوی

عدم پیروی پر وحید کمال کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج نواز شریف کے وکیل کی جانب سے مزید وقت مانگنا وقت کا ضیاع ہے سپیکر نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نواز شریف کو بچانے کا موقع دیا، وکیل

بدھ 7 ستمبر 2016 10:06

اسلام آباد( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔7ستمبر۔2016ء ) الیکشن کمیشن نے پانامہ لیکس اور اثاثے چھپانے پر وزیراعظم نواز شریف ، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف، وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور سربراہ تحریک انصاف عمران خان سمیت دیگر سیاستدانوں کی نااہلی کیلئے دائرریفرنسز کی سماعت اٹھائیس ستمبر تک ملتوی کردی ۔ الیکشن کمیشن نے عدم پیروی پر وحید کمال کی جانب سے نواز شریف کی نااہلی کیلئے دائر درخواست خارج کردی ۔

چیف الیکشن کمشنر سرداررضا خان کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے دائر کئے گئے ریفرنسز پر سماعت کی سابق اٹارنی جنرل سلمان بٹ ، وزیراعظم نواز شریف ، شہباز شریف اور اسحاق ڈار کی جانب سے الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے انہوں نے عدالت سے جواب داخل کرنے کیلئے مزید وقت مانگنے کی استدعا کی ہے پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حامد خان پیش ہوئے دوران دلائل حامد خان نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے پاس نااہلی کی درخواستوں کی سماعت کا اختیار ہے جس پر چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ اکبر ایس بابر کے پارٹی فنڈز سے متعلق کیس میں آپ کہتے ہیں کہ الیکشن کمیشن کو سننے کا اختیار حاصل نہیں ،کیا آ پ کے موقف میں تضا د نہیں اس پر حامد خان نے جواب دیتے ہوئے کہا کہ یہ دو مختلف نوعیت کے مقدمات ہیں عمران خان کے پاس اثاثے چھپانے اور آف شور کمپنیاں بنانے پر شاہ نواز ڈھلوں نے نااہلی کی درخواست دائر کی جسے عدالت نے سماعت کیلئے منظور کیا شاہ نواز ڈھلوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ عمران خان نے نیازی سروسز کے نام سے آف شور کمپنی بنائی مگر اس کو ظاہر نہیں کیا جبکہ لندن فلائٹس آف شور کمپنی کی ملکیت ہے لیکن عمران خان نے نامزدگی کے آغاز میں اس کو اپنی ملکیت ظاہر کیا اس پر الیکشن کمیشن نے ریفرنس سماعت کیلئے مقرر کرنے کا حکم جاری کیا تحریک انصاف کے سینیٹر لیاقت تراکئی کیخلاف اے این پی کی جانب سے بشریٰ گوہر پیش ہوئیں انہوں نے کہا اکہ لیاقت تراکئی کہ تائید کنندہ اور تصدیق کنندہ کیخلاف بھی کارروائی کی جائے آف شور کمپنیوں کے باوجود انہوں نے لیاقت تراکئی کا نام کیسے تجویز کیا کیپٹن صفدر کیخلاف نوابزادہ صلاح الدین کی جانب سے فیصل چوہدری پیش ہوئے انہوں نے کہا کہ کیپٹن صفدر نے جواب داخل کرانے کی بجائے الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار کو چیلنج کیا ہے اس پر سردار رضا خان نے کہا کہ ہم اس پر بحث کروالیتے ہیں جہانگیر ترین کے وکیل نے اس دوران اپنا وکالت نامہ جمع کروایا پی ٹی آئی فنڈز میں مبینہ بے ضابطگیوں سے متعلق کیس میں الیکشن کمیشن نے قرار دیا کہ اس کیس کا معاملہ دیگر درخواستوں سے ملتا جلتا ہے لہذا اسے پانامہ لیکس سے متعلق دیگر درخواستوں سے منسلک کردیا الیکشن کمیشن نے عدم پیروی پر وحید کمال کی درخواست خارج کرتے ہوئے نااہلی کیلئے دائر تمام ریفرنسز کو ایک ساتھ منسلک کرتے ہوئے سماعت اٹھائیس سستمبر تک ملتوی کردی ۔

(جاری ہے)

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید کے وکیل نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے روایتی طریقہ اختیار کیا بیس کروڑ عوام کی نظریں اس کیس پر ہیں انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے وکیل کی جانب سے مزید وقت مانگنا صرف وقت کا ضیاع ہے سپیکر اسمبلی نے جانبداری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نواز شریف کو بچانے کا موقع دیا