سپیکر کے اقدام سے ثابت ہوگیا نواز شریف کرپشن چھپانے کیلئے ادارے تباہ کررہے ہیں ، عمران خان

رائیونڈ کی طرف ہرصورت مارچ کریں گے،اینٹ سے اینٹ اب نوازشریف کی بجنے والی ہے احتجاج کرینگے تو نواز شریف کو جدہ بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا ، دھمکیاں دے کر ن لیگ والے یہ ثابت کررہے ہیں کہ ملک میں حسنی مبارک کی جمہوریت ہے، کراچی ائرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو،مزدوروں کے احتجاجی دھرنے سے خطاب

منگل 6 ستمبر 2016 04:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔6ستمبر۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کے اقدام کے بعد یہ ثابت ہوگیا ہے کہ نوازشریف اپنی کرپشن چھپانے کے لیے ادارے تباہ کررہاہے،ملک بھرکے لوگ اب رائیونڈ کی طرف ہرصورت مارچ کریں گے،اینٹ سے اینٹ اب نوازشریف کی بجنے والی ہے۔ جب ہم احتجاج کریں گے تو نواز شریف کو جدہ بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا۔

اینٹ سے اینٹ بجانے کی دھمکیاں دے کر ن لیگ والے یہ ثابت کررہے ہیں کہ ملک میں حسنی مبارک کی جمہوریت ہے۔ریفرنس مستردکرکے اسپیکر قومی اسمبلی نے اپنی جابنداری ثابت کردی ہے،میں نے بار بار کہاکہ ایک وزیراعظم اپنی کرپشن چھاپنے کے لیے اداروں کی ساکھ داؤ پر لگائے گا۔اسپیکرنے میرے خلاف ریفرنس منظور کرکے اپنی غیرجابنداری ختم کرلی ہے اور پارلیمنٹ کی ساکھ کو مجروح کیاہے،انصاف اور پرامن انقلاب کے راستے بندکرکے حکمران خونی انقلاب کی راہ اہموار کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کو کراچی پہنچنے کے بعد ایئرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا ۔اس موقع پر شاہ محمود قریشی ،جہانگیر خان ترین اور دیگر پارٹی رہنما بھی موجود تھے ۔عمران خان نے کہا کہ وزیراعظم اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اداروں کو تباہ کررہے ہیں ۔اسپیکر نے دو مرتبہ دھاندلی کی ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیر اعظم کے خلاف ریفرنس مسترد کرکے میرے خلاف ریفرنس منظور کیا ہے ۔

پاناما لیکس میں وزیراعظم کا نام ہے ۔پاناما لیکس میں جن 8عالمی رہنماوٴں کے نام آئے ہیں ان میں نواز شریف کا نام بھی شامل ہے ۔میاں نواز شریف کے بچوں حسین نواز ،حسن نواز اور مریم نواز کے نام پر اربوں روپے کی پراپرٹی بیرون ملک میں موجود ہے ۔اسپیکر نے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس مسترد کرکے پارلیمنٹ کو متنازع بنادیا ہے ۔پارلیمنٹ ایک جمہوری ادارہ ہے ۔

پاکستانی عوام انصاف کے لیے کہاں جائیں ۔تمام ادارے ظالموں کا ساتھ دے رہے ہیں اور احتساب کے ادارے ظالموں کو پکڑنے کی بجائے ان کو تحفظ دے رہے ہیں ۔نیب اور ایف بی آر کرپشن میں ملوث افراد کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کررہے ہیں ۔اسحاق ڈار کے بھی بیرون ملک اثاثے ہیں ۔حسن نواز 650کروڑ روپے کے فلیٹ میں لندن میں رہتے ہیں ۔شریف خاندان بتائے کہ یہ پیسہ کہاں سے آیا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ میں نے ہر طرح سے پیسہ کماکر پاکستان منتقل کیا ۔میرا نام پاناما لیکس میں نہیں ہے ۔ہمارا احتجاج کرپشن کرنے والوں کے خلاف ہے ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے وزیراعظم کے خلاف ریفرنس مسترد کرکے ثابت کردیا ہے کہ وہ وزیراعظم کے ایجنڈے پر کام کررہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ رائے ونڈ کا احتجاج تاریخی ہوگا اور پورے پاکستان سے لوگ اس میں شرکت کریں گے ۔

تمام سیاسی جماعتوں کو اس احتجاج میں شرکت کی دعوت دیں گے اور وہ سب ہمارے ساتھ ہوں گے ۔انہوں نے کہا کہ بوریوالہ میں پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کو دھاندلی کرکے ہرایا گیا ۔الیکشن کمیشن نے دھاندلی کا کوئی نوٹس نہیں لیا ہے ۔الیکشن کمیشن کی ساکھ بھی متاثر ہوئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ملک میں ریونیو جمع کرنے والے ادارے ایف بی آر کے چیئرمین ہر ماہ 25سے 30کروڑ روپے بیرون ملک بھیجتے ہیں ۔

دبئی میں گھر خریدا جارہا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہمارا احتجاج پرامن ہے ۔ایک تو اس ملک میں انصاف فراہم نہیں کیاجارہا ہے اور اوپر سے ن لیگ والے ہمیں دھمکیاں دیتے ہیں کہ ہماری اینٹ سے اینٹ بجادیں گے ۔انہوں نے کہا کہ اینٹ سے اینٹ ہماری نہیں آپ کی بجے گی ۔ہم ایسا احتجاج کریں گے کہ وزیراعظم کو جدہ بھاگنے کا موقع بھی نہیں ملے گا ۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا ماڈل صوبہ بن رہا ہے ۔

کراچی کے لوگ دیکھیں کہ کے پی کے کی پولیس کس انداز میں کام کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ اگر ملک میں انصاف کا راستہ بند کردیا جائے تو خونی انقلاب کا راستہ خود بخود کھل جاتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری احتجاج کی تحریک انصاف کے حصول تک جاری رہے گی ۔بعد ازاں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہاہے کہ اسٹیل مل پاکستان کا سب سے بڑاثاثہ ہے ،جنھوں نے اسے لوٹا اور ڈاکے مارے وہ آج بڑے بڑے محلوں میں اربوں پتی بن کر رہ رہے ہیں ، آٹھ ارب کا منافع دینے والا اسٹیل مل جیسا منافع بخش ادارہ تیرہ ماہ سے بند پڑاہے ، چھ ماہ سے اسٹیل مل کے ملازمین کو تنخواہیں ہی نہیں ملیں ،نواز شریف کی اسٹیل مل سعودی ارب میں اربوں روپے کمارہی ہے ،اگر عید سے پہلے اسٹیل مل کے ملازمین کی تنخواہیں نہ دی گئی تو ہم ان مزدوروں کے ساتھ حکومت کے خلاف احتجاج کرینگے ۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے رہنما پی ٹی آئی حلیم عادل شیخ کی جانب سے منعقدکردہ پروگرام پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین کے حقوق کی بحالی کے لیے قائداعظم گیٹ کے باہربیٹھے مزدورملازمین کے احتجاجی دھرنے سے خطاب میں کیا۔اس موقع پر ان کے ہمراہ پارٹی کے سینئر مرکزی رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی ،جہانگیر خان ترین ، اسد عمر ،عبدالعیلم خان ،ڈاکٹر عارف علوی ،فیصل واوڈا،فردوس شمیم نقوی اور دیگر رہنماموجود تھے ۔

اس موقع پر تحریک انصاف کے بڑی تعداد میں کارکنان پارٹی پرچموں کے ہمراہ موجود تھے ،تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے پاکستان اسٹیل مل کے ملازمین سے اظہار یکجہتی کے لیے ملاقاتیں کیں ،ان کا کہنا تھا کہ اس ملک میں جو کمزور ہے وہ جائز کام کرہی نہیں سکتاکیونکہ ملک میں معاشی ،عدالتی ،تعلیمی موجود ہی نہیں ہے میں مزدوروں سے کہتا ہوں کہ انہیں اپنے بنیادی حقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنا پڑیگا،پرامن انقلاب کا راستہ بند کیا جائے تو خونی انقلاب آتاہے ،نواز شریف پانامہ کا جواب دینے کی بجائے فیتے کاٹ رہے ہیں ، یہ کیسا نظام ہے کہ چوری اور کرپشن کوئی کرتا ہے قیمت عوام اداکرنا پڑتی ہے ،ہمیں اپنے جائزحقوق کے لیے سڑکوں پر نکلنا ہوگا،ہمیں پاکستان سے ظلم کا نظام ختم کرنا ہوگا،کیونکہ نواز شریف کو عام لوگوں کی کوئی فکر نہیں ہے،انہوں نے کہا کہ میں عوام کو بنیادی حقوق دلانے کے لیے پورے پاکستان سے لوگوں کو رائیونڈ لیکر جاؤنگا،انہوں نے کہاکہ پانامہ میں ابھی تھوڑے سے انکشافات ہوئے ہیں ،وزیراعظم اس ملک میں اپنی کرپشن چھپانے کے لیے اداروں کو تباہ کررہے ہیں جبکہ چیئرمین ایف بی آردبئی میں گھر خریدنے کے لیے بیس سے پچیس کروڑ باہر بھیجتاہے ،انہوں نے مزدروں کو کہا کہ وہ چھ ستمبر پاکستان زندہ باد کے جلسے میں ضرور آئیں ،جب تک آپ اپنے حقوق کے لیے نہیں نکلیں گے اس وقت تک معاشرہ آپ کو نہیں پوچھے گا۔