فیصل آباد،ن لیگ میں چوہدراہٹ کی جنگ، عابدشیرعلی اور راناثناء اللہ کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی ،گھونسوں کی بارش ،متعددکارکن زخمی

پیر 5 ستمبر 2016 10:47

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء)مسلم لیگ ن میں چوہدراہٹ کی جنگ، وزیرمملکت عابدشیرعلی کی موجودگی میں عابدشیرعلی اورصوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کے حامیوں کے درمیان ہاتھاپائی گھونسوں کی بارش ،متعددکارکن زخمی ہوگئے ۔خبر رساں ادارے کے مطابق وزیرمملکت پانی وبجلی عابدشیرعلی آج اپنے حلقہ کے علاقہ سمن آبادکے نزدیک 27لاکھ روپے کے اپنے فنڈزسے سیورج کاافتتاح کرنے کیلئے گئے جبکہ حلقہ کی صوبائی اسمبلی کی نشست میں صوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کامیاب ہوئے تھے ،افتتاح کے موقع پروزیرمملکت عابدشیرعلی اورصوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کے کارکنوں کے درمیان افتتاحی تقریب میں اس وقت بدنظمی پیداہوگئی جب صوبائی وزیرقانون کے حامی کارکنوں نے وزیرمملکت کوافتتاح کرنے کیلئے روکنے کی کوشش کی ،اس ہنگامہ کے دوران دونوں گروپوں کی طرف سے کارکنوں نے ایک دوسرے کوتپھڑرسیدکرنے کے ساتھ ساتھ گھونسوں کی بارش کردی ،جس سے متعددکارکن زخمی ہوگئے ۔

(جاری ہے)

وزیرمملکت عابدشیرعلی نے خبر رساں ادارے کوبتایاکہ اس علاقے میں انہوں نے اپنے 27لاکھ روپے کے فنڈزسے واساسے منظوری کی بعدسیوریج کاافتتاح کیاہے جبکہ واساکے وائس چیئرمین میاں عرفان احمدجوکہ ممبرقومی اسمبلی میاں عبدالمنان کے صاحبزادے ہیں وہ اس منصوبے کے افتتاح کی مخالفت کرتے ہوئے اس منصوبے کاافتتاح صوبائی وزیرقانون راناثنا ء اللہ سے کراناچاہتے تھے ،چنانچہ اس چوہدراہٹ کی جنگ کی وجہ سے کارکنوں میں تصادم ہواجبکہ عابدشیرعلی منصوبہ کاسنگ بنیادرکھنے میں کامیاب ہوگئے ۔

یہ امرقابل ذکرہے کہ شیروں کی اس لڑائی کی وجہ سے بلدیاتی انتخابات میں بھی دونوں گروپوں کے کارکنوں کے درمیان تصادم ہواتھاجس کی وجہ سے ایک کارکن جاں بحق اورکئی زخمی ہوگئے تھے ،مسلم لیگ ن کی اعلیٰ قیادت جس میں کیپٹن صفدراورممبرقومی اسمبلی پرویزملک نے فریقین میں صلح کی کوشش کی مگرناکام رہے اب حالیہ میئراورڈپٹی کے الیکشن میں بھی وزیرمملکت عابدشیرعلی اورصوبائی وزیرقانون راناثناء اللہ کے درمیان سرد جنگ جاری ہے