ائیر چیف مارشل سہیل امان کا پی اے ایف میوزیم ، کراچی میں پاک فضائیہ کی یادگارِ شہداء کا افتتاح

پیر 5 ستمبر 2016 10:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء)پاک فضائیہ کے سربراہ ائیر چیف مارشل سہیل امان نے پی اے ایف میوزیم ، کراچی میں پاک فضائیہ کی یادگارِ شہداء کا افتتاح کیا ۔ انہوں نے یاد گار پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور شہداء کے لیے فاتحہ پڑھی ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ائیر چیف نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ بہادری اور لازوال قربانیوں کی داستان ہے۔

ہمارے شیر دل جوانوں نے ہمیشہ وطن کی پکار پر لبیک کہا اور مادروطن کے دفاع کے لیے ناقابل فراموش کارنامے سر انجام دئیے۔ پاک فضائیہ اپنے شہدا ء اور غازیوں کی قربانیوں کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے جنہوں نے اپنا آج ہمارے کل پر قربان کر دیا۔ائیر چیف نے مزید کہا کہ اس یاد گار کی تعمیر اپنے شہداء کو خراج تحسین پیش کرنے کی ایک پُر خلوص کاوش ہے۔

(جاری ہے)

جو ہمیں ان کی بے خوف بہادری اور بے مثال جرأت کی یاد ہمیشہ دلاتا رہے گا ۔اس یاد گار پر کندہ ہر نام ہماری درخشاں تاریخ کا ایک اہم باب ہے۔ یہ یادگار محض پتھر سے بنی ہوئی ایک عمارت نہیں بلکہ ایک ایسا مقام ہے جو ہماری آنے والی نسلوں میں اِ ن شہداء کی قربانی اور وطن سے محبت جیسے جذبات کو اجاگر کرنے میں مدد گار ثابت ہو گا۔اس تقریب میں پاک فضائیہ کے شہداء کے ورثاء ، جنگی ہیروز اور ریٹائرڈ اور حاضر سروس اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :