تفصیلات جمع نہ کرانے والی جماعتیں انتخابات کی اہل نہیں ہونگی،الیکشن کمیشن

پولیٹیکل پارٹیزآرڈر2002ء کے سیکشن 13کے تحت تمام سیاسی جماعتیں مالی سال ختم ہونے کے 60روزکے اندراکاؤنٹس تفصیلات جمع کرائیں،جس کاآڈٹ چارٹراکاؤنٹنٹ سے کرایاگیاہو،نوٹس

پیر 5 ستمبر 2016 11:08

بہاول پور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔5ستمبر۔2016ء) الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خبردار کیا ہے کہ اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع نہ کرانے والی سیاسی جماعتیں انتخاب میں حصہ لینے کی اہل نہیں ہوں گی۔سیاسی جماعتوں کو بھیجے جانے والے نوٹس میں الیکشن کمیشن نے یاد دہانی کرائی ہے کہ پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 ء کے سیکشن 13 کے تحت تمام سیاسی جماعتیں اس بات کی پابند ہیں کہ وہ مالی سال ختم ہونے کے 60 روز کے اندر الیکشن کمیشن کو اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرائیں جس کا آڈٹ چارٹرڈ اکاؤنٹنٹ سے کرایا گیا ہو۔

الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سیاسی جماعتوں کے اکاؤنٹس کی تفصیلات میں ان کی سالانہ آمدنی، اخراجات، فنڈز کے ذرائع، اثاثے اور واجبات کی تفصیلات درج ہونی چاہئیں۔سیکشن 3 کے جز نمبر 2 کے تحت اکاؤنٹس کی تفصیلات ساتھ پارٹی لیڈر کا دستخط شدہ سرٹیفکیٹ بھی ہونا چاہیے جس میں یہ درج ہونا چاہیے کہ پارٹی نے کسی ایسے ذریعے سے فنڈز حاصل نہیں کیے جن کی اجازت پولیٹیکل پارٹیز آرڈر 2002 میں نہیں اور فراہم کی جانے والی تفصیلات بالکل درست ہیں۔

(جاری ہے)

سیاسی جماعتوں کی جانب سے اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم کرنے کی آخری تاریخ ہر سال 29اگست ہوتی ہے لیکن الیکشن کمیشن میں رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی جانب سے اسے نظر انداز کردیا گیا۔الیکشن کمیشن کی جانب سے بھیجے جانے والے نوٹس میں کہا گیا کہ وہ تمام سیاسی جماعتیں جو مقررہ وقت میں اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرانے میں ناکام رہیں انہیں مطلع کیا جاتا ہے کہ وہ سیکشن 13 کی خلاف ورزی کی مرتکب ہوں گی اور جب تک وہ اکاؤنٹس کی تفصیلات فراہم نہیں کرتیں کسی بھی ضمنی انتخاب یا عام انتخابات میں اپنے پارٹی نشان کو استعمال کرنے کی اہل نہیں ہوں گی

متعلقہ عنوان :