لاہور،تحریک انصاف کااحتساب مارچ 7گھنٹے میں شاہدرہ پہنچا

سست رفتاری کی وجہ عوام کاہجوم تھاجوقائدین کے ٹرک کے ہمراہ تھا ہم نے جنگ جیت لی توملک ٹھیک ہوجائے ا،ہمیں کرپشن کے بادشاہ کوبتاناہے کہ نوازشریف کواب چھوڑنانہیں،عمران خان کاخطاب

اتوار 4 ستمبر 2016 13:37

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔4ستمبر۔2016ء) آخری اطلاعات تک پاکستان تحریک انصاف کا احتساب مارچ 12 بجکر 12منٹ پر جی پی او چوک پہنچا۔ شاہدرہ سے روانہ ہوکر جی پی او چوک تک احتساب مارچ نے 7 گھنٹے میں اپنا سفر طے کیا۔ سست رفتاری کی و جہ عوام کا وہ ہجوم تھا جو قائدین کے ٹرک کے ہمراہ تھا۔ عمران خان کا احتساب مارچ جب جی پی او چوک پہنچا تو ان کا وکلاء برادری جس کی قیادت ممتاز قانون دان حامدخان کررہے تھے نے بھرپور انداز میں استقبال کیا جہاں عمران خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اگر ہم نے جنگ جیت لی تو ملک ٹھیک ہو جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں کرپشن کے بادشاہ کو بتاناہے۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو اب چھوڑنا نہیں انہوں نے عوام کے اربوں روپے لوٹ لیے پاکستان کے عوام غربت اور بے روزگاری میں پس رہے ہیں چوروں اور ڈاکوؤں کو پاکستان کا انصاف نہیں پکڑ رہا اب ہم نے ان کو پکڑنا ہے۔

(جاری ہے)

رات تقریباً ساڑھے بارہ بجے پاکستان عوامی تحریک کے کارکنوں کی بڑی تعداد جی پی او چوک میں احتساب مارچ میں شامل ہوگی۔

عوامی تحریک کے نوجوانوں نے پارٹی پرچم اٹھا رکھے تھے جو اپنے قائد طاہر القادری کی حمایت اور حکومت کے خلاف نعرے لگا رہے تھے۔ عمران خان کے یہاں چوتھے مختصر خطاب کے بعد عمران خان کی قیادت میں یہ قافلہ فیصل چوک کی طرف روانہ ہو گیا۔ یہاں یہ امر بھی قابل ذکر ہے کہ شاہدرہ سے پی ٹی آئی کے احتساب مارچ کے روانہ ہوتے ہی شاہدرہ پر ٹریفک بحال کردی گئی، کنٹینر ہٹا دیئے، کنٹینروں کی وجہ سے جی ٹی روڈ پر لگی ہوئی لمبی قطاروں نے سکھ کا سانس لیا۔ قافلے کی روانگی کے وقت پاکستان پیپلزپارٹی کی شاہدرہ اور پاکستان مسلم لیگ (ق) کے کارکنوں کی کثیرتعداد نے اپنے پارٹی پرچموں کے ساتھ شمولیت اختیار کی۔