’جرمن خفیہ ادارے نے منظم طریقے سے قواعد و ضوابط توڑے ہیں‘ محتسب جرمن ڈیٹا پروٹیکشن

بغیر کسی قانونی بنیاد کے بی این ڈی نے ایک منظم انداز میں عام لوگوں کی ذاتی معلومات حاصل کیں ہیں، رپورٹ

ہفتہ 3 ستمبر 2016 10:18

برلن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔3ستمبر۔2016ء )جرمنی کے ڈیٹا پروٹیکشن شعبے کی محتسب نے کہا ہے کہ ملکی خفیہ ایجنسی نے قانون کے منافی کارروائیاں کی ہیں۔ رپورٹ کے مطابق جرمن خفیہ ادارہ نے فریڈم آف انفارمیشن کے ضوابط کو بھی توڑا ہے۔جرمنی کے خفیہ ادارے بی این ڈی (BND) کے بارے میں رپورٹ ڈیٹا پروٹیکشن اور معلومات کی آزادی کی کمشنر اندریا ووسہوف نے مرتب کی ہے۔

رپورٹ میں ووسہوف نے خفیہ ادارے کو سخت الفاظ میں تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اْس کی کئی کارروائیوں کی مذمت کی۔ رواں برس مارچ میں چھپنے والی ساٹھ صفحے پر مشتمل خفیہ رپورٹ کے مندرجات جرمن ٹیلی وڑن این ڈی آر نے جمعرات کے روز اپنے ایک نشریے میں عام کیے۔معلومات کے تحفظ اور رسائی کی جرمن محتسب نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ بغیر کسی قانونی بنیاد کے بی این ڈی نے ایک منظم انداز میں عام لوگوں کی ذاتی معلومات حاصل کیں ہیں۔

(جاری ہے)

تجزیہ کاروں کے مطابق یہ رپورٹ جہاں بیپناہ وسعت رکھتی ہے وہیں خفیہ ادارے کی کارروائیوں کی مذمت بھی ہے۔ ٹیلی وڑن ادارے این ڈی آر کے مطابق ووسہوف نے رپورٹ میں بی این ڈی کی نگرانی کی بعض کارروائیوں کے لیے ’غیرقانونی‘ (Unlawful) کا لفظ کم از کم تیس مرتبہ استعمال کیا ہے۔اندریا ووسہوف نے اپنی رپورٹ میں شکایت کے انداز میں بیان کیا کہ خفیہ ادارے نے انہیں اِس رپورٹ کو مرتب کرنے سے باز رکھنے کی بھرپور کوشش کی۔

خاتون کمشنر کے مطابق ایسا کر کے ملکی خفیہ ادارے نے اْس مینڈیٹ کا احترام نہیں کیا، جس کے تحت ان کو ڈیٹا پروٹیکشن کے کمشنر کا منصب سونپا گیا تھا۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ خفیہ ایجنٹوں نے اْن کا پیچھا اْس وقت چھوڑا جب انہہیں یقین دلایا گیا کہ وہ ادارے کے امور پر نظرِثانی کر رہی ہیں۔ووسہوف نے واشگاف انداز میں بیان کیا کہ بی این ڈے نے غیر قانونی انداز میں اْن کے امور کو وسیع پیمانے پر کنٹرول کرنے کی متعدد مرتبہ کوششیں کی۔ رپورٹ میں خاتون کمشنر نے اعتراف کیا کہ بی این ڈی کی رکاوٹوں کی وجہ سے ایک جامع اور موٴثر جائزہ مرتب کرنے سے وہ قاصر رہیں ہیں۔ انہوں نے اس عمل کو قانون کی کھلی خلاف ورزیاں قرار دیا۔

متعلقہ عنوان :