دشمن کی چالوں سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، مودی ہو یا ’را‘ کوئی بھی ملکی مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ، جنرل راحیل شریف

پاک فوج ملکی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی،دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہما ر ی بقا ء کی جنگ ہے، اتنی بڑی قربانی دیکر پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں، کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ضروری ہے،آرمی چیف کا سی پیک کانفرنس سے خطاب

جمعہ 2 ستمبر 2016 11:18

گلگت(اُردو پوائنٹ اخبار آن لائن۔2ستمبر۔2016ء) افواج پاکستان کے سربراہ جنرل راحیل شریف نے کہا ہے کہ دشمن کی چالوں سے ہم بخوبی آگاہ ہیں، مودی ہو یا ’را‘ سمیت کوئی بھی ملکی مفادات کو نقصان نہیں پہنچا سکتا ہے، پاک فوج ملکی مفادات کے تحفظ کو یقینی بنائے گی، جمعرات کے روز گلگت میں پاک چین اکنامک کوری ڈور منصوبے سے متعلق سی پیک کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی فول پروف سیکیورٹی کو یقینی بنانے کیلئے جلد پاک فوج کی ایک ڈویژن تشکیل دی جائے گی جو پاک چین سرحد خنجراب سے راولپنڈی تک سیکیورٹی کے فرائض سرانجام ہوگی، چیف آف آرمی سٹاف نے کہا کہ آپریشن ضرب عضب کامیابی سے آگے بڑھ رہا ہے اور اس کامیابی کیلیے 22ہزار سویلین جن میں آرمی پبلک سکول پشاور کے بچے بھی شامل ہیں اور 5ہزار سیکیورٹی فورسز کے جوان شہید ہو چکے ہیں جبکہ 41ہزار سے زائد افراد شدید زخمی ہوئے ہیں، جنرل راحیل شریف نے کہا کہ اتنی بڑی قربانی دیکر پیچھے نہیں ہٹ سکتے ہیں، انہوں نے کہا کہ دہشتگردوں کے خلاف جنگ ہما ر ی بقا ء کی جنگ ہے، دہشتگردوں کے مددگار اور سہولت کار بھی نہیں بچ سکیں گے، انہوں نے کہا کہ سی پیک منصوبے سے گلگت بلتستان میں بھی ترقی اور خوشحالی آئے گی، انہوں نے نوجوانوں سے کہا کہ پاک آرمی آپ کی اور ہم سب کی ہے ملک کا دفاع اور ترقی کے لیے ہم سب ایک ہیں جنرل راحیل شریف نے کہا کہ ترقی اور خوشحالی کے لیے کرپشن اور دہشتگردی کے گٹھ جوڑ کا خاتمہ ضروری ہے، آرمی چیف نے کہا کہ گلگت بلتستان کے لوگ محب وطن اور جفاکش ہیں، یہاں کی ترقی کے لیے حکومت کے ساتھ ہر ممکن مدد کریں گے اور فوری طور پرگلگت میں ٹیکنیکل انسٹی ٹیوٹ اور میڈیکل سٹی بنانے کے لئے کام شروع کیا جائے گا، آرمی چیف نسٹ(Nust) یونیورسٹی کا کیمپس بنانے سمیت گلگت سکردو سڑک کی تعمیر کے لئے مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی بھی کرائی۔