معروف ریسلر البرٹو ڈیل ریو نے آخرکار ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہہ دیا

لبرٹو ڈیل ریو اور ان کی گرل فرینڈ ریسلر پیگی دونوں کو ڈبلیو ڈبلیو ای نے گزشتہ دنوں اپنی ویل نیس پالیسی کی پہلی خلاف ورزی پر ایک ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا

جمعرات 1 ستمبر 2016 10:36

لندن( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1ستمبر۔2016ء )معروف ریسلر البرٹو ڈیل ریو نے آخرکار ڈبلیو ڈبلیو ای کو الوداع کہہ دیا ہے۔البرٹو ڈیل ریو اور ان کی گرل فرینڈ ریسلر پیگی دونوں کو ڈبلیو ڈبلیو ای نے گزشتہ دنوں اپنی ویل نیس پالیسی کی پہلی خلاف ورزی پر ایک ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا۔دوسری جانب رپورٹس کے مطابق البرٹو ڈیل ریو نے جون میں ہی ڈبلیو ڈبلیو ای کو اپنا استعفی پیش کردیا تھا اور یہ ایک ماہ معطلی کی سزا اگست میں سنائی گئی۔

البرٹو ڈیل ریو نے اپنے استعفے میں 60 دن کے اندر کمپنی کو چھوڑنے کی بات کی تھی اور آخری بار وہ انیس اگست کو اسمیک ڈاوٴن میں جان سینا کے مدمقابل آئے تھے۔اب وہ دنیا میں کسی بھی جگہ اور کسی بھی کمپنی کے ساتھ ریسلنگ کا حصہ بن سکتے ہیں۔

(جاری ہے)

رپورٹ کے مطابق البرٹو ڈیل ریو کی معطلی بھی درحقیقت اس لیے ہوئی کیونکہ وہ اب ڈبلیو ڈبلیو ای کے ساتھ مزید کام نہیں کرنا چاہتے۔

ریسلر ڈبلیو ڈبلیو ای پروگرامنگ میں اپنے کردار سے خوش نہیں تھے اور اوپر آنا چاہتے تھے حالانکہ انہیں اچھا معاوضہ دیا جارہا ہے۔البرٹو ڈیل ریو کو ڈبلیو ڈبلیو ای سے بھی شکایت تھی کہ انہیں اسمیک ڈاوٴن میں ڈرافٹ کردیا گیا جبکہ ان کی پارٹنر پیگی کو را میں رکھا گیا۔ڈبلیو ڈبلیو ای سے کیے گئے معاہدے کے مطابق البرٹو ڈیل ریو رواں سال ستمبر سے قبل کمپنی کو چھوڑ نہیں سکتے اور ان کی جانب سے رنگ میں نہ اترنے کے فیصلے کے مدنطر ایک ماہ کے لیے معطل کیا گیا ہے تاکہ وقت پورا کیا جاسکے۔

تاہم البرٹو ڈیل ریو کی جانب سے اس حوالے باضابطہ اعلان آئندہ روز میں سامنے آجائے گا۔ڈیل ریو سابق ڈبلیو ڈبلیو ای ورلڈ چیمپئن ہیں اور اگست 2014 میں ڈبلیو ڈبلیو ای سے الگ ہوگئے تھے جس کے بعد اپنے آبائی ملک میکسیکو میں مختلف ریسلنگ پروگرامز میں کام کرتے رہے۔وہ گزشتہ سال اکتوبر میں ڈبلیو ڈبلیو ای میں واپس آئے اور جان سینا کو شکست دے کر یو ایس چیمپئن شپ اپنے نام کی۔