وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس

سیاسی اور عسکری قیادت کا کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ ڈی جی رینجرز نے کراچی آپریشن کی تفصیلات پیش کیں، کوٹہ سسٹم میرٹ کی توہین ہے،میجر جنرل بلال اکبر

جمعرات 1 ستمبر 2016 11:03

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔1ستمبر۔2016ء)سندھ ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت کا کراچی آپریشن کو منطقی انجام تک پہنچانے کا فیصلہ، سیاسی گروہ کو اپنی مرضی زبردستی عوام پر مسلط نہیں کرنے دیں گے۔وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کے زیر صدارت ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، گورنر سندھ، کورکمانڈر کراچی،ڈی جی رینجرز،آئی جی سندھ ،صوبائی وزیر نثار کھوڑو،مشیران مولا بخش چانڈیو اور مرتضٰی وہاب سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نو منتخب میئر وسیم اختر کی پیرول پر رہائی یا انکی رہائش گاہ کو سب جیل قرار دے کر وہاں منتقلی کے آپشن پرغور کیا گیا جبکہ سربراہ ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کی جانب سے بھیجی گئی سیکیورٹی کی درخواست کا بھی جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں آئی جی سندھ نے بتایا کہ کراچی میں میڈیا ہاوسز کو درپیش سیکیورٹی چیلنچز پر جامعہ پلان تیا ر کیا ہے ،بائیس اگست کو ہنگامہ آرائی میں ملوث ملزمان قانون کی شکنجے میں ہیں اور رینجرز اور پولیس کی مد د سے رفاہی اور سرکاری املاک پر موجود غیر قانونی دفاتر کو مسمار کردیا گیا ہے۔

اس موقع پر ڈی جی رینجرز نے کہا کہ ملک دشمن قوتوں کے ہاتھوں کھیلنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جاری ہے رینجرز بطور فورس وطن کی سلامتی کے خلاف کوئی سرگوشی برداشت نہیں کریگی۔اس موقع پر شرکا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نتائج کے حصول تک ٹارگٹڈ آپریشن جاری رکھا جائے گا کراچی میں سیاسی گروہ کواپنی مرضی زبردستی عوام پر مسلط نہیں کرنے دیں گے اور نہ ہی فلاہی کاموں کی آڑ میں بھتہ لینے دیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ سیاسی اور عسکری قیادت کراچی میں امن کیلئے ایک ہی پیج پر ہیں۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ نے سندھ میں کوٹہ سسٹم کی مخالفت کردی ، میجر جنرل بلال اکبر نے کہا ہے کہ کوٹہ سسٹم میرٹ کی توہین ہے، رینجرز کی جانب سے کراچی آپریشن کی تفصیلات بھی ایپکس کمیٹی میں پیش کی گئیں۔وزیراعلیٰ سندھ کی زیر صدارت سندھ کی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں کورکمانڈر کراچی ، آئی جی سندھ ، سیکرٹری داخلہ اور دیگر اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

ڈی جی رینجرز نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں سندھ میں کوٹہ سسٹم کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ یہ میرٹ کی توہین ہے اس کے باعث سندھ کے نوجوانوں میں احساس محرومی بڑھ رہا ہے۔ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں ڈی جی رینجرز سندھ میجر جنرل بلا ل اکبر نے کراچی میں رینجرر کے جانب سے کئے گئے آپریشن کی تفصیلات پیش کیں ، جس میں بتایا گیا کہ چار ستمبر2013سے اب تک848 ٹارگٹ کلرز کو ٹارگٹڈ آپریشنز کے زریعے گرفتار کیا گیا ملزموں نے دوران تفتیش 5 ہزار 863 ٹارگٹ کلنگ کی وارداتوں کا اعتراف کیا، گرفتار ملزمان میں 95 کا تعلق لیاری گینگ وار سے ہیں جبکہ کالعدم تنظیموں کے 99 ٹارگٹ کلرز کو بھی گرفتار کیا گیا ،کالعدم تنظیموں کے ملزموں نے ٹارگٹ کلنگ کی 557 وارداتوں کا اعتراف کیا ، ڈی جی رینجرز کا مزید کہنا تھا کہ گرفتار ٹارگٹ کلرز میں سیاسی جماعت کے عسکری ونگ کے ملزمان کی تعداد سب سے زیادہ 654ہے۔