آسٹریلیا کے شان مارش زخمی ہوکر سیریز سے باہر

شارن مارش، سری لنکا کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ کے دوران انگلی ٹوٹنے سے زخمی ہوگئے تھے

بدھ 31 اگست 2016 10:27

کولمبو(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2016ء)آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کے بلے باز شان مارش زخمی ہوکر سری لنکا کے خلاف سیریز کے بقیہ میچوں سے باہر ہوگئے۔شارن مارش، سری لنکا کے خلاف سیریز کے تیسرے میچ کے دوران انگلی ٹوٹنے سے زخمی ہوگئے تھے۔آسٹریلیا نے مارش کے متبادل کے طورپر کسی کھلاڑی کو ٹیم میں شامل نہیں کیا ہے تاہم بائیں ہاتھ سے بیٹنگ کرنے والے عثمان خواجہ اسکواڈ کا حصہ ہیں جو ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم میں شامل ہوں گے۔

آسٹریلوی ٹیم کے فزیوتھراپسٹ ڈیوڈ بیکلی نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ 'شان مارش بائیں ہاتھ کی انگلی کی انجری کا شکار ہیں جو گزشتہ میچ میں فیلڈنگ کے دوران ٹوٹ گئی تھی'۔ان کا کہنا تھا کہ 'میچ کے بعد ایکسرے کیا گیا جس میں انگلی ٹوٹنے کی تصدیق ہوگئی ہے اور اب شان مارش واپس پرتھ جائیں گے جہاں وہ زخم ٹھیک ہونے تک آرام کریں گے'۔

(جاری ہے)

آسٹریلیا کی ٹیم کو سری لنکا کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑا تھا جس میں انھیں 0-3 سے تاریخی وائٹ واش کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

ایک روزہ سیریز میں آسٹریلیا کی ٹیم اب تک دومیچوں میں کامیاب ہوئی ہے اور سیریز میں مہمان ٹیم کو 1-2 کی برتری حاصل ہے۔سیریز کا چوتھا میچ بدھ کو دمبولا میں کھیلا جائے گا جبکہ آخری میچ 4 ستمبر کو پالی کیلے میں ہوگا۔دونوں ٹیمیں ایک روزہ سیریز کے بعد دو ٹی ٹوئنٹی میچز بھی کھیلیں گی۔

متعلقہ عنوان :