اسلام آباد،وزیراعلیٰ سندھ کی وفاقی وزیرپانی وبجلی خواجہ آصف سے ملاقات

سندھ اوروفاق کے درمیان مختلف مسائل پربات چیت،آج کی ملاقات وزیراعظم میاں نوازشریف کے گذشتہ دورہ سندھ کے دوران ملاقات کے سلسلے کی کڑی ہے،خواجہ آصف سے سندھ کے دیہی علاقوں میں طویل لوڈشیڈنگ کامعاملہ اٹھایاہے،سیدمرادعلی شاہ کی ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت

بدھ 31 اگست 2016 10:15

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2016ء)وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وفاقی وزیر پانی و بجلی خواجہ آصف سے ملاقات کی اور سندھ صوبہ اور وفاق کے درمیان مختلف مسائل پر بات چیت کی گئی ملاقات میں وفاقی سیکریٹری پانی و بجلی یونس ڈھاگا اور سندھ کے سیکریٹری انر جی آغا واصف بھی موجود تھے ۔ بعد ازاں زرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف کا گذشتہ دورے کے دوران انہیں وقت دینے اور صوبہ سندھ کے مسائل تحمل سے سننے پر انکا شکریہ ادا کیا جس میں انہوں نے خواجہ آصف کو بھی ہدایت کی تھی کہ وہ سندھ حکومت کے غیر حل شدہ مسائل کو فوری طور پر حل کریں اور آج کی ملاقات بھی میر ی وزیراعظم سے ملاقات کے سلسلے کی ہی ایک کڑی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ انہوں نے خواجہ آصف کے ساتھ صوبہ سندھ کے دیہی علاقوں میں طویل لوڈ شیڈنگ کا معاملہ اٹھایا جس کی وجہ سے نہ صرف دیہی علاقوں کی روز مرہ کی زندگی تذبذب کا شکار ہے بلکہ وہاں تجارتی سرگرمیاں بھی بری طرح متاثر ہیں ۔ انہوں نے بتایا کہ خواجہ آصف نے انہیں یقین دہانی کرائی کہ وہ طویل لوڈ شیڈنگ کے دورانیہ میں کمی لانے کے معاملے کو ذاتی طور پر دیکھیں گے۔

میڈیا کی طرف سے کئے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کہ ہم بجلی کے بلوں کا معاملہ حل کرنے کے بہت قریب ہیں اور ہمارے اور وفاقی وزارت پانی وبجلی کے دعویٰ کردہ رقم میں تھوڑا سا ہی فرق ہے جس کے لئے بلوں کی دعویٰ کردہ رقم پر تقریبا ہم آہنگی ہو چکی ہے۔ اس موقع پر موجود وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بھی وزیراعلیٰ سندھ کے اس بیان کی تصدیق کی ۔

ایک اور سوال کا جواب دیتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ سندھ حکومت نے اپنی سندھ ٹرانسمیشن اور ڈسپیچ کمپنی کا قیام کر لیا ہے جس کو گرڈ کے ساتھ منسلک کرنے کے معاملات پر بھی وفاقی وزیر خواجہ آصف نے بھی یقین دہانی کرائی۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعظم پاکستان نے انکو گارنٹی دی تھی کہ اگر متبادل توانائی کے منصوبوں میں قیمتوں کے معاملات طے ہو جاتے ہیں تو صوبہ سندھ نیشنل گرڈ میں 1000سے 1500میگا واٹ بجلی شامل کریگا اور خواجہ آصف کی طرف سے اس معاملے پر مکمل تعاون کی یقین دہانی کرانا حوصلہ افزا بات ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ خواجہ آصف نے وفاقی سیکریٹری برائے پانی وبجلی یونس ڈھاگہ کو صوبائی سیکریٹری انرجی آغا واصف کے ساتھ اجلاس کرکے تمام ایشوز حل کرنے کی بھی ہدایت کی ہے جو کہ آج کہ اجلاس کی حوصلہ افزا بات ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وفاق او رصوبائی حکومت کے درمیان بہتر ورکنگ ریلشن شپ ہے اور مجھے امید ہے کہ اس کا فائدہ باالخصوص توانائی کے شعبے میں بہت جلد ملے گا جس سے عوام مستفیض ہوگی ۔