شاہ محمود قریشی کی پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات،عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچایا

ملاقات اعتزاز احسن کے چیمبر میں ہوئی،خورشید شاہ بھی موجود تھے،ملکی سیاسی صورتحال،آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر بھی مشاورت عمران خان کی ہدایت پرپیپلزپارٹی کے رہنماوں کو لاہور میں تین ستمبر کی ریلی اور پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی، ملاقات کے بعد شاہ محمود قریشی کی میڈیاسے گفتگو

بدھ 31 اگست 2016 10:48

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔31اگست۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر شاہ محمود قریشی نے پارلیمنٹ ہاوس میں پیپلزپارٹی کی قیادت سے ملاقات کی اور چئیرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کا خصوصی پیغام پہنچایا۔ ملاقات سینیٹ میں قائدحزب اختلاف سینیٹر اعتزاز احسن کے چیمبر میں ہوئی اس موقع پر قومی اسمبلی میں قائدحزب اختلاف سید خورشید شاہ بھی موجود تھے۔

طویل ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال آور آئندہ ہفتے ہونے والے قومی اسمبلی و سینیٹ کے اجلاس سے متعلق حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی جبکہ ٹی آو آرز کمیٹی اور حکومت کے رویہ سے متعلق امور بھی زیرغور آئے۔شاہ محمود قریشی نے تین ستمبر کے پاکستان مارچ اور سپریم کورٹ میں دائرکردہ پٹیشن پر بھی پیپلزپارٹی کے رہنماوں کا آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں تحریک انصاف کے ڈپٹی پارلیمانی لیڈرشاہ محمود قریشی نے بتایا کہ چئیرمین تحریک انصاف عمران خان کی ہدایت پرپیپلزپارٹی کے رہنماوں کو لاہور میں تین ستمبر کی ریلی اور پاکستان مارچ میں شرکت کی دعوت دی ہے جبکہ پاکستان تحریک انصاف نے پانامہ پیپرز کی تحقیقات کے لئے اپوزیشن کے ٹی آوآرز پر مشتمل سینیٹر اعتزاز احسن کے تیارکردہ بل کو بھی من و عن تسلیم کیا ہے اور اس بل کی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں مکمل حمایت کا بھی فیصلہ کیاہے۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ ٹی آوآرز کمیٹی اپوزیشن کی بے پناہ کوشش کے باوجود حکومت کی ہٹ دھرمی اور رویہ کی وجہ سے اپنی موت آپ مرگئی ہے۔ ٹی آو آرز کمیٹی میں اب جان نہیں رہی اب اسکی حیثیت ایک مردہ گھوڑے کی سی ہوگئی ہے۔ ایم کیوایم پہلے ہی کمیٹی سے کنارہ کشی اختیار کرگئی تھی جبکہ مسلم لیگ(ق) بھی کمیٹی کی کارکردگی سے مایوس ہوگئی تھی۔ جماعت اسلامی نے بھی مایوس ہوکر سپریم کورٹ سے رجوع کیا، تحریک انصاف بھی سمجھتی ہے کہ ٹی آوآرز کمیٹی کی ان تمام نشستوں کا کوئی فائدہ حاصل نہیں ہوا۔

شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ سینیٹر اعتزاز احسن نے دیگر تمام حزب اختلاف کی جماعتوں سے مشاورت کے بعد ایک بل تیار کیا ہے جس میں تمام اپوزیشن جماعتوں کے نظریات اور رائے کو مدنظر رکھا گیا ہے جب یہ بل سینیٹ میں پیش ہوگا تو تحریک انصاف اسکی بھرپور حمایت کرے گی۔ انھوں نے ذور دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف پانامہ لیکس پر آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے۔

پانامہ پیپرز پر طے ہوا تھا کہ خیبرپختونخوا اور سندھ میں قرارداد لائیں گے تو تحریک انصاف نے خیبرپختونخوا میں قرارداد لانے کا فیصلہ کرلیا ہے جس پر اپوزیشن کی رہنمائی بھی درکار ہے خواہش ہے کہ ہماری اس قرارداد کو بھی قومی اسمبلی اور سینیٹ میں پیش کیا جائے۔انھوں نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں دائرکردہ وزیر اعظم کی نااہلی کی پٹیشن سے متعلق بھی پیپلزپارٹی کے رہنماوں کو آگاہ کیا ہے جس پر انھوں نے ہماری موقف کی عملی اور اصولی حمایت کی ہے۔

پانامہ پیپزر پر پاکستان پیپلزپارٹی اور تحریک انصاف کا موقف ایک ہے اور پیپلزپارٹی کے کارکن بھی وہی سوچتے ہیں جو تحریک انصاف کے کارکن سوچ رہے ہیں اسلئے پیپلزپارٹی کے قائدین کو تین ستمبر کے پاکستان مارچ اور لاہور میں ریلی کی دعوت دی ہے۔ پیپلزپارٹی کی قیادت مشاورت کے بعد جواب دے گی امید ہے جواب مثبت ہی آئے گا۔ انھوں نے مزید بتایا کہ دو سمتبر کو قومی اسمبلی اور پانچ ستمبر کو سینیٹ کے اجلاس سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا،سید خورشید شاہ کا نقطہ نظر واضح ہے، فیصلہ ہوا ہے کہ خصوصا کراچی اور الطاف حسین کے بیان پر تمام سیاسی جماعتوں سے مشاورت کیبعد لائحہ عمل لے کر آئیں گے۔