سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ڈیڈلائن کو یکسر نظر انداز کر دیا

کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 333سیاسی جماعتوں میں صرف8سیاسی جماعتوں نے اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرائی

منگل 30 اگست 2016 10:40

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2016ء) پاکستان کی سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی جانب سے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے کی ڈیڈلائن کو یکسر نظر انداز کر دیا ہے ،کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 333سیاسی جماعتوں میں صرف8سیاسی جماعتوں نے اپنے اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جن میں صرف تین سیاسی جماعتوں کے کاغذات درست قرار دیے گئے ۔مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے جمع کرائے جانے والے گوشواروں پر الیکشن کمیشن کا عدم اعتماداور اعتراضات لگانے کے بعد واپس کر دئیے گئے جبکہ پی ٹی آئی ،ایم کیو ایم ،اور جے یوآئی ف سمیت 325سیاسی جماعتوں نے اپنے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع نہیں کرائی ہیں ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرانے کی اخری تاریخ گزرنے کے باوجود الیکشن کمیشن کے پاس رجسٹرڈ 333سیاسی جماعتوں میں صرف 8سیاسی جماعتوں نے اپنے کاؤنٹس کی تفصیلات جمع کرائی ہیں جن میں صرف تین سیاسی جماعتوں کے بنک اکاؤنٹس کی تفصیلات درست قرار دی گئیں ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن کے پاس پاکستان مسلم لیگ ن،پیپلز پارٹی،جماعت اسلامی ،اے این پی ،عوامی مسلم لیگ،اسلامی تحریک پاکستان،پاکستان تحریک انسانیت،اور پاکستان ویمن مسلم لیگ کی جانب سے اپنے حسابات کے گوشوارے جمع کرائے گئے جن میں صرف اے این پی ،عوامی مسلم لیگ اور اسلامی تحریک پاکستان کی جانب سے جمع کرائے جانے والے گوشوارے درست نکلے اور حکمران جماعت مسلم لیگ ن،پاکستان پیپلز پارٹی ،جماعت اسلامی ،مسلم لیگ ج،سمیت دیگر جماعتوں کے گوشوارے نامکمل ہونے کی وجہ سے واپس کر دئیے گئے الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق سیاسی جماعتوں کی جانب سے اپنے حسابات کے تصدیق شدہ گوشوارے جمع کرانے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کوکئی بار یاد دہانی کے خطوط ارسال کرنے کے ساتھ ساتھ میڈیا پر بھی اس کی تشہیر کی گئی مگر سیاسی جماعتوں نے الیکشن کمیشن کی ہدایات کو ہوا میں اڑا دیا ہے ذرائع کے مطابق اپنے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے والی پارٹیوں کو عام انتخابات کے موقع پر انتخابی نشان الاٹ نہیں کئے جائیں گے ۔