فلپائن میں داعش کے حملے میں ایک افسر سمیت 12 فوجی اہلکار ہلاک ،5زخمی

منگل 30 اگست 2016 10:58

منیلا(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔30اگست۔2016ء ) فلپائن میں داعش سے منسلک مسلح جنگجووٴں کے حملے میں ایک افسر سمیت 12 فوجی اہلکار ہلاک ہوگئے۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق فلپائنی فوج کے ترجمان کا کہنا تھا کہ مسلح جنگجووٴں کی جانب سے مذکورہ حملہ فوج کے جاری آپریشن کے پانچویں روز کیا گیا۔میجر فائل مون ٹان کا کہنا تھا کہ جولو نامی جزیرے پر پاٹیکول ٹاوٴن میں ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہنے والی مسلح جھڑپ میں 5 فوجی اہلکار زخمی بھی ہوئے۔

ان کا کہنا تھا کہ فوج نے ابو سیاف نامی تنظیم کے مسلح جنگجووٴں کی موجودگی کی اطلاع پر اس علاقے میں کارروائی کا آغاز کیا تھا تاہم انھیں شدید مزاہمت کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔فوجی ترجمان نے مزید کہا کہ 'لڑائی بہت شدید تھی، جس میں ہم نے اپنے 12 ساتھی کھو دیئے، دونوں جانب بھاری جانی نقصان ہوا ہے تاہم میں نہیں جانتا کہ دشمن کا نقصان کتنا ہے لیکن ایک اندازے کے مطابق ان کے 30 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ جمعرات سے جاری فوجی آپریشن میں ابو سیاف گروپ کے 20 سے زائد جنگجو ہلاک ہوئے ہیں، اس آپریشن کے لیے صدر رودریگو دوتیرتے نے فوج کو حکم دیا تھا۔دوسری جانب میڈیا رپورٹس میں کہا گیا ہے کہ فلپائن میں ابو سیاف گروپ کے 400 مسلح جنگجو موجود ہیں اور مذکورہ لڑائی میں ہلاک ہونے والے فوجیوں کی تعداد 15 ہے۔یاد رہے کہ فلپائنی حکومت نے الزام لگایا ہے کہ ابو سیاف گروپ اغوا برائے تاوان اور دیگر سنگین جرائم میں ملوث ہے۔رواں سال کے آغاز میں مذکورہ گروپ نے 3 غیر ملکی شہریوں کو اغوا کرنے کے بعد قتل کردیا تھا جبکہ دعویٰ کیا جارہا ہے کہ مزید درجنوں ملکی و غیر ملکی باشندوں کو اغوا کررکھا ہے۔

متعلقہ عنوان :