متحدہ قومی موومنٹ پرپابندی کے علاوہ اوربھی فیصلے ہوسکتے ہیں،شیخ رشید

اپنی صفوں سے جرائم کاخاتمہ بھی کیاجائے،آصف زرداری وکٹ کے دونوں اطراف کھیل رہے ہیں،حکمرانوں کی پانامہ لیکس سے جان چھوٹنے والی نہیں،کراچی ایئرپورٹ پرمیڈیاسے گفتگو

پیر 29 اگست 2016 11:11

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2016ء)عوای مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا کہ متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے علاوہ او ر بھی فیصلے ہوسکتے ہیں لیکن اپنی صفوں سے جرائم کا خاتمہ بھی کیا جائے۔ آصف زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں ،حکمرانوں کی پانامہ لیکس سے جان نہیں چھوٹنے والی نہیں۔عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید پاکستان عوامی تحریک کے قصاص مارچ میں شرکت کے لیے اتوار کے روزکراچی پہنچے۔

(جاری ہے)

کراچی ائیرپورٹ کے باہر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ فاروق ستار سیاسی پل صراط پر چل رہے ہیں، ایم کیو ایم پر پابندی کے علاوہ اور بھی فیصلے ہوسکتے ہیں، لیکن اس کے لئے ضروری ہے کہ کراچی کی رابطہ کمیٹی کو لندن رابطہ کمیٹی سے جان چھڑانا ہوگی۔شیخ رشید نے کہا کہ آصف علی زرداری وکٹ کے دونوں طرف کھیل رہے ہیں۔ حکمرانوں کی پانامہ لیکس سے جان نہیں چھوٹے گی ۔شیخ رشید نے مزید کہا کہ چند کرائے کے قاتلوں نے مہاجروں کو بدنام کیا، مہاجروں کی بڑی تعداد محب وطن ہے، ایم کیوایم خود کو جرائم پیشہ عناصر سے الگ کرے