سعودی وزیر دفاع کا مختصر دورہ پاکستان، وزیراعظم نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف سے ملاقاتیں

پیر 29 اگست 2016 11:02

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔29اگست۔2016ء) سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان پاکستان کے مختصر دورے کے بعد وطن واپس روانہ ہو گئے ہیں۔ اس سے قبل سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم نواز شریف سے ملاقات کی۔ ملاقات میں مسلح افواج کے سربراہ، وفاقی وزرا اور ارکان پارلیمنٹ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں پاک سعودی عرب تعلقات، مشرق وسطی کی صورتحال اور باہمی دلچسبی کے اموار پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعظم نواز شریف کا کہنا تھا کہ پاکستان اور سعودی عرب میں گہرے دوستانہ تعلقات ہیں اور ددونوں ممالک کی دوستی ہر آزمائش پر پوری اتری ہے۔ انہوں نے کہا سعودی عرب کی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق ہوا تو پاکستان سعودی عرب کے ساتھ کھڑا ہے۔ سعودی وزیردفاع شہزادہ محمد بن سلمان کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے کا اہم ملک ہے۔

(جاری ہے)

دونوں ملکوں کے درمیان دوستی وقت کے ساتھ مزید مضبوط ہوتی جا رہی ہے۔

انہوں نے اپنی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات کا پیغام وزیر اعظم نواز شریف تک پہنچایا ۔ ملاقات کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ وزیر اعظم نواز شریف اور سعودی وزیر دفاع کے درمیان ملاقات میں مختلف شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق سعودی وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان نے چیف آف آرمی سٹاف سے بھی ملاقات کی۔ اس دوران علاقائی سیکیورٹی، خاص طور پر مشرق وسطیٰ کے معاملات زیر بحث آئے۔ ملاقات میں دفاعی اور باہمی تعلقات پر بھی گفتگو ہوئی۔ سعودی وزیر دفاع مختصر دورے کے بعد وطن روانہ ہو گئے۔ وفاقی وزیر دفاع خواجہ آصف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف نے انہیں رخصت کیا۔