سکیورٹی اداروں کا آپریشن جاری، کراچی سے7دہشت گرد گرفتار

چار دہشتگردوں کوفائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا گیا ، چار کا تعلق بابا لاڈلہ گروپ اور تین کا ایم کیو ایم سے ہے، ملزمان ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں،قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات اور اسلحہ بر آمد میڈیا ہاؤس پر حملے میں ملوث مزید2خواتین کو بھی حراست میں لے لیا گیا

اتوار 28 اگست 2016 12:44

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء)رینجرز اور پولیس نے لیاری اور لیاقت آباد میں سرچ آپریشن کے دوران7 دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ، چارکوفائرنگ کے تبادلے کے بعد گرفتار کیا گیا جن میں سے چار کا لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ اور تین کا ایم کیو ایم سے تعلق ہے، گرفتار دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں،ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات اور اسلحہ بر آمد کرلیا گیا جبکہ میڈیا ہاؤس پر حملے میں ملوث مزید2خواتین کو بھی حراست میں لے لیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق چاکیواڑہ پولیس نے لیاری کے علاقے رانگی واڑہ اور کوئلہ گودام میں سرچ آپریشن کیااس دوران ملزمان اور پولیس میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا جس کے بعد پولیس نے لیاری گینگ وار بابا لاڈلہ گروپ کے چار اہم ملزمان کو گرفتار لیا۔

(جاری ہے)

گرفتار ملزمان میں گل بلوچ، حسن بلوچ، سکندر بلوچ اور اسلم بلوچ شامل ہیں۔ ملزمان کے تین ساتھی ممدن، عرفان بلوچ اور شکیل بلوچ تنگ گلیوں سے فرار ہوگئے۔

ملزمان منشیات کے اڈوں پر منشیات فروخت کرتے تھے۔ ملزمان کے قبضے سے بھاری تعداد میں منشیات اور اسلحہ بر آمد کرلیا گیا ہے جبکہ ملزمان کے خلاف منشیات اور اسلحہ آرڈیننس کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ جبکہ رینجرز نے لیاقت آباد سے تین دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا ہے۔ ترجمان رینجرز کے مطابق گرفتار دہشتگرد ریحان علی عرف چکنا، زبیر عرف اچھو اور جاوید کا تعلق ایم کیو ایم لندن سیکرٹریٹ سے ہے۔

گرفتار دہشتگردوں کے قبضے سے چار 303 رائفل، ایس ایم جی، بارہ بور رائفل اور بڑی تعداد میں گولیاں برآمد کی گئیں، گرفتار دہشتگرد ٹارگٹ کلنگ کی کئی وارداتوں میں ملوث ہیں۔ تینوں دہشتگردوں کو پولیس کے حوالے کر دیا گیا یے۔ رینجرز نے ملیر میں چھاپہ مار کر ایم کیو ایم کے 2 عہدیدار گرفتار کر لیے۔ ذرائع کے مطابق گرفتار عہدیداروں میں سیکٹر انچارج حسن عالم اور جوائنٹ سیکٹر انچارج طلحہ وارثی شامل ہیں۔

ایم کیو ایم کا جوائنٹ سیکٹر انچارج طلحہ وارثی میڈیا ہاوٴسز پر حملے میں ملوث ہے۔ دوسری جانب پولیس نے میڈیا ہاوٴسز پر حملہ کرنے والی ایم کیو ایم کی مزید دو خواتین کارکنوں کو بھی دھر لیا ہے۔ ان کی شناخت سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے کی گئی۔ میڈیا ہاوٴسز پر حملے کے الزام میں دو دن پہلے بھی دو خواتین کو لائنز ایریا سے گرفتار کیا گیا ۔