برطانیہ میں بیٹھے نیم پاگل شخص کے خلاف حکومت کو سٹینڈ لینا ہوگا ، عمران خان

کراچی میں مہاجروں کو متحدہ قائد نے ہائی جیک کیا ہوا تھا اب لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں، فاروق ستار کے فیصلے کا چند دن میں پتہ چل جائیگا، گفتگو

اتوار 28 اگست 2016 12:42

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔28اگست۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ برطانیہ میں بیٹھینیم پاگل شخص کے خلاف پاکستانی حکومت کو سٹینڈ لینا ہوگا ،کراچی میں مہاجروں کو متحدہ قائد نے ہائی جیک کیا ہوا تھا اب لوگ تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں، فاروق ستار کے فیصلے کا چند دن بعد پتہ چلے گا، نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ فاروق ستار کے لاتعلقی کے اعلان کا چند روز میں پتہ چل جائے گا کہ ان کا اعلان صحیح ہے کہ حقیقت کچھ اور ہے، الطاف حسین نے اس سے قبل سو بار ایم کیو ایم کی قیادت سے استعفیٰ دیا اور پھر واپس لیا، انہوں نے کہا کہ الطاف حسین نے جس طرح کا بیان دیا ہے دنیا کی کوئی جمہوریت ایسے بیانات کی اجازت نہیں دیتی اور کوئی بھی شخص کسی دوسرے ملک میں بیٹھ کر کسی ملک میں انتشار نہیں پھیلا سکتا اشتعال انگیز تقریر کے خلاف لندن میں قانون موجود ہے، پاکستان کی حکومت کو سٹینڈ لینا ہوگا کہ ایک نیم پاگل شخص برطانیہ میں بیٹھ کر پاکستان کے خلاف باتیں کر رہا ہے، انہوں نے کہا کہ جتنی آزادی ایم کیو ایم کو ملی اتنی کسی اور سیاسی جماعت کو نہیں ملی فاروق ستار کا الطاف حسین سے لاتعلقی کا بیان کافی نہیں انہیں ثابت کرنا ہوگا کہ ان کا الطاف حسین سے کوئی تعلق نہیں ایم کیو ایم کو الطاف حسین سے الگ کرنا پڑے گا، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے خلاف نصیراللہ بابر کے آپریشن کے بعد ٹارگیٹ کلنگ ختم ہو گئی تھی پھر 1997ء میں نواز شریف کی حکومت میں ایم کیو ایم سے اتحاد ہوا اور جن پولیس افسران نے آپریشن میں حصہ لیا تھا ان کے تبادلے کر کے چن چن کے قتل کیا گیا اور پھر کسی پولیس اہلکارو کو ٹارگیٹ کلر پکڑنے کی جرآت نہیں تھی، انہوں نے کہا کہ کراچی پڑھے لکھے لوگوں کا شہر ہے پاکستان کی ساری تحریکیں کراچی سے شروع ہوتی تھیں، الطاف حسین نے مہاجروں کو ہائی جیک کر لیا، انہوں نے کہا کہ 20سال سے کراچی میں پارٹی بنانے کی کوشش کر رہا ہوں لیکن لوگ ایم کیو ایم کے خلاف بات کرنے سے ڈرتے تھے ہمارے پاس کراچی میں پولنگ ایجنٹ نہیں تھے پھر بھی لوگوں نے تحریک انصاف کو ووٹ دیے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے مسلح ونگز ہیں جو لوگوں کو دھمکاتے ہیں ہماری کراچی میں کوئی تنظیم نہیں تھی اور تنظیموں کے بغیر میرا کراچی جانا فضول تھا اب لوگ کراچی میں تحریک انصاف میں شامل ہو رہے ہیں اور ہماری تنظیمیں بن رہی ہیں۔