چودھری شجاعت حسین کا الطاف حسین اور دیگر عناصر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر شدید ردعمل

وزیراعظم محض ایک بیان دے کر اس شرمناک فعل سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے، چوہدری شجاعت

ہفتہ 27 اگست 2016 11:08

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔27اگست۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے الطاف حسین اور دیگر عناصر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محض ایک بیان دے کر اس شرمناک فعل سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم درحقیقت قومی مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، وزیراعظم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ اس سارے کیس میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے اور مجرموں کو بچاتے رہے، انہوں نے پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کا جو حلف اٹھایا تھا اس کی پاسداری نہیں کر سکے۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور قومی سلامتی کے خلاف زہر اگلا اور وزیراعظم جنہوں نے ایسے وطن فروش عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کی ان سب کے خلاف آئین و قانون توڑنے کے تحت کارروائی کی جائے، آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلائے جائیں اور وطن دشمنوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔