نوازشریف جب تک حساب نہیں دو گے پیچھا نہیں چھوڑیں گے، عمران خان

موٹو گینگ کو چیلنج کرتا ہوں خیبرپختونخواہ میں کرپشن کا ایک بڑا کیس پکڑ کر دکھائیں جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہو وہ تباہ ہو جاتا ہے، ،چکدرہ میں سوات موٹروے کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب

جمعہ 26 اگست 2016 10:41

چکدرہ(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔26اگست۔2016ء)پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ جس ملک کا سربراہ کرپٹ ہو وہ تباہ ہو جاتا ہے نوازشریف جب تک حساب نہیں دو گے پیچھا نہیں چھوڑیں گے،موٹو گینگ کو چیلنج کرتا ہوں خیبرپختونخواہ میں کرپشن کا ایک بڑا کیس پکڑ کر دکھائیں،چکدرہ میں سوات موٹروے کے افتتاح کے موقع پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ یہ موٹروے سوات اور مالاکنڈ کے عوام کی تقدیر بدل دے گی،موٹروے کی تکمیل سے ان علاقوں میں ترقی ہوگی نوجوانوں کو روزگار ملے گااور سیاست کو فروغ حاصل ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ پختونخوا کا بلدیاتی نظام انقلاب ہے،ہم نے30 فی صد بجٹ نیچے تک دیا ہے ہم نے40ہزار بلدیاتی نمائندوں کو اختیارات دئیے ہم سارے اختیارات نیچے تک پہنچائیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تبدیلی تعلیم سے آئی ہے،3سال میں سکولوں کے اندر تبدیلی آ گئی ہے اور آج خیبرپختونخوا کے سکولوں کی حالت دیگر صوبوں سے کہیں بہتر ہے ہم سوات میں سکول بلکہ اس علاقے میں خواتین کی یونیورسٹی بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری پولیس میرٹ اور غیر سیاسی ہے پنجاب اور سندھ میں سیاستدانوں کے خلاف مقدمات درج ہے لیکن ہماری پولیس غیر سیاسی ہے۔انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ہسپتالوں کا نظام تباہ ہوچکا ہے ہمیں ہسپتالوں کا نظام بہتر کرنے میں دیر لگی لیکن اب خیبرپختونخواہ کے ہسپتال پہلے سے بہت بہتر ہیں اور ان میں مزید بہتری لائی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہم خیبرپختونخوا کو ایسا صوبہ بنانا چاہتے ہیں جو پورے ملک کیلئے مثال بنے ہم نے جو احتساب ایکٹ بنایا ہے دوسرے صوبے بھی ایسا ایکٹ منظور کرلیں تو کرپشن ختم ہوجائے گی لیکن دوسرے صوبے ایسا قانون نہیں بنائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم35 ارب میں بنی ہے یہ10ارب روپے کسی کی جیب میں گئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کرپشن کینسر ہے جو ملک کو دیمک کی طرح کھا جاتی ہے جب ملک کا سربراہ کرپشن کرتا ہے تو پھر سارا ملک کرپٹ ہوجاتا ہے میں نے90 دن میں پختونخواہ سے بڑی کرپشن ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا چیلنج کرتا ہوں کہ مجھے پختونخوا میں کرپشن کا بڑا کیس بتا دو۔انہوں نے کہا کہ نچلی سطح پر کرپشن ہے اور ہم اس کرپشن کوبھی ختم کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نیا قانون لارہے ہیں جو بھی کرپشن کی نشاندہی کرے گا اسے برآمد رقم کا30فیصد انعام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ وفاق خیبرپختونخوا کو پوری بجلی نہیں دے رہا،بجلی کی پیداوار ہماری حکومت کو دے دیں ہم بجلی کی پوری کرپشن اور لوڈشیڈنگ ختم کردیں گے،نوازشریف اداروں کو تباہ کرکے کرپشن کرتا ہے3ستمبر کو ہم لاہور جائیں گے اور نوازشریف سے کہیں گے کہ قوم کو حساب دو۔انہوں نے کہا کہ نواز شریف سے احتساب کی بات کرتے ہیں تو وہ ہم پر الزام لگا دیتا ہے میرا نام پانامہ میں نہیں پھر بھی تیار ہوں میرا بھی احتساب کرو۔انہوں نے کہا کہ ہم نوازشریف کا احتساب بھی کریں گے اور ملک سے لوٹی گئی دولت واپس بھی لائیں گے نوازشریف جب تک حساب نہیں دیں گے ہم آپ کا پیچھا نہیں چھوڑیں گے