خیبرپختونخواحکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر میگاپراجیکٹ کاآغازکر دیا

صوبائی موٹروے بنانے کااعلان ، افتتاح آج ہوگا

جمعرات 25 اگست 2016 09:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء)خیبرپختونخواحکومت نے ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبائی سطح پر میگاپراجیکٹ کاآغازکرتے ہوئے صوبائی موٹروے بنانے کااعلان کیاہے جس کا افتتاح آج بروز جمعرات ہوگاجس پر41ارب روپے کی لاگت آئیگی جسے ڈیرھ سال میں مکمل کیاجائیگا۔مشیربرائے مواصلات اکبرایوب نے پشاورپریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بتایاکہ کرنل شیرخان سٹیڈیم سے چکدرہ چوک تک 81کلومیٹر اس موٹروے کی لمبائی ہوگی جس پر 31ارب روپے کی لاگت آئے گی جس میں سے پانچ ارب روپے موٹروے کیلئے زمین کی خریداری اور 36لاکھ روپے سڑک کی تعمیر پرخرچ ہونگے اور اس پورے موٹروے میں چھ انٹرچینج ہونگے جس میں مردان سمیت صوابی،سوات،اپردیر،لوئردیراورچترال کو خصوصی فائد ہ ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ یہ ایک گیم چینجرمنصوبہ ہے جس سے دوگھنٹے دس منٹ کی مسافت کم ہوجائے گی اورتعمیر کا پورامنصوبہ فرنٹیئرورکس آرگنائزیشن کے حوالے کیاگیاہے۔

(جاری ہے)

81کلومیٹراس لمبے موٹروے میں ڈیڑھ ڈیڑھ کلومیٹرکے دوٹنل بھی آئینگے اوراس سے سیاحت اور علاقائی ترقی میں خصوصی اہمیت حاصل ہوگی۔اکبرایوب نے وضاحت کی کہ اوپن بولی کے بعد ایف ڈبلیواوکوتعمیراتی کام حوالے کیاگیاہے اورہماری خواہش بھی تھی کہ تعمیر وترقی کے حوالے سے اس کمپنی کی خدمات بہت زیادہ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ وزیراعلیٰ پرویزخٹک کے ساتھ عمران خان کرنل شیرانٹرچینج اور چکدرہ چوک میں منصوبوں کا افتتاح کرینگے اس کے علاوہ عمران خان تھانے میں آج ایک جلسہ عام سے بھی خطاب کرینگے۔پریس بریفنگ کے دوران سوات سے تعلق رکھنے والے معاون خصوصی برائے لائیوسٹاک محب اللہ نے کہاکہ ملاکنڈڈویژن خیبرپختونخوامیں آبادی اور رقبے کے لحاظ سے ایک بہت بڑے علاقے پرمحیط ہے لیکن69سال گزرنے کے باوجود اس علاقے میں میگاپراجیکٹ کااعلان نہیں کیاگیااسلئے صوبائی حکومت نے صوبائی موٹروے کے منصوبے کاآغازکرتے ہوئے ملاکنڈڈویژن کے عوام کو ایک بہت بڑاتحفہ دیاہے۔

یہ موٹروے کا فیز ون ہے فیزٹو کیلئے وفاقی حکومت نے باقاعدہ طو رپر گزشتہ تین سالوں سے وعدے کئے ہیں لیکن تاحال اس وعدوں کو ایفانہیں کیاگیاصوبائی حکومت نے فیز ٹوکے ڈیزائن کیلئے بھی رواں مالی سال کے ترقیاتی پروگرام میں رقم مختص کی گئی ہے اورہماری کوشش ہے کہ وفاق کو اس بات پر مجبورکیاجائے کہ چکدرہ تا کالام روڈ کی تعمیر کاآغازکیاجاسکے

متعلقہ عنوان :