چیچہ وطنی ، الیکشن ٹربیونل نے این اے 162کے ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو نااہل قرار دیدیا

جمعرات 25 اگست 2016 09:46

چیچہ وطنی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء)الیکشن ٹربیونل نے چیچہ وطنی کے حلقہ این اے 162کے ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے امیدواروں کو نااہل قرار دیدیا،یہ نشست پی ٹی آئی کے ایم این اے رائے حسن نواز خان کو اثاثے چھپانے کے الزام میں نااہل قرار دئیے جانے پر خالی ہوئی تھی جس پر19ستمبر کو ضمنی الیکشن ہورہا ہے، قبل ازیں اسی حلقہ سے مسلم لیگ (ن) کے امیدوار چودھری زاہد اقبال کو بھی دوہری شہریت رکھنے پرنااہل قرار دیا جاچکا ہے، ریٹرننگ آفیسر نے 19ستمبر کے ضمنی الیکشن کیلئے پی ٹی آئی کے امیدوار رائے حسن نواز خان اور مسلم لیگ(ن) کے امیدوار چودھری زاہد اقبال کے کاغذات نامزدگی منظور کرلئے تھے جس پر دونوں امیدواروں کیخلا ف لاہور ہائی ملتان بنچ پر مشتمل الیکشن ٹربیونل میں پٹیشن دائر کردی گئی، الیکشن ٹربیونل نے فریقین کے وکلا کے دلائل سننے کے بعد ریٹرننگ آفیسر کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے دونوں امیدواروں کو ضمنی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے نااہل قراردیدیا۔