الیکشن کمیشن کے پاس کسی رجسٹرڈ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا براہ راست اختیار نہیں، ذرائع الیکشن کمیشن

جمعرات 25 اگست 2016 10:55

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔25اگست۔2016ء) الیکشن کمیشن کے پاس کسی رجسٹرڈ سیاسی جماعت پر پابندی لگانے کا براہ راست اختیار نہیں، پاکستان کی سالمیت کے خلاف کام کرنے غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی اور دہشت گردی کو بڑھاوا دینے والی سیاسی جماعت کے خلاف کارروائی کا اختیار وفاقی حکومت کا ہے۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن زرائع کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سالمیت کے خلاف اور غیر ملکی فنڈنگ پر چلنے والی سیاسی جماعت کے خلاف الیکشن کمیشن یک طرفہ کارروائی نہیں کر سکتا، ریاست کے خلاف کارروائیوں میں ملوث سیاسی جماعتوں کے خلاف وفاقی حکومت ڈکلریشن جاری کرے گی، وفاقی حکومت ملک کی سالمیت کے خلاف کام کرنے والی جماعت کے خلاف ڈکلریشن سپریم کورٹ میں جمع کروا نے کا اختیار رکھتی ہے،ریفرنس پیش کئے جانے کے 15 روز کے اندر سپریم کورٹ فیصلہ دے گی جو حتمی ہو گا، پولیٹیکل پارٹییز ایکٹ 2002 کے مطابق پارٹی تحلیل ہونے کی صورت میں اس کے تمام ممبران قومی اور صوبائی اسمبلیوں سے فوری نا اہل ہو جائیں گے، اور موجودہ اسمبلی کی مدت ختم ہونے تک دوبارہ انتخابات میں حصہ نہیں لے سکتے، کورٹ کے فیصلہ سے قبل اگر پارٹی سے مستعفی ہو جائے اور اس جماعت سے لا تعلقی کا اعلان کر دے تو وہ سزا سے بچ سکتا ہے۔