پاکستان کے خلاف نعرہ نا قابل برداشت ہے،رؤف صدیقی

نعرے سے دل ہی نہیں میری روح تک زخمی ہوئی ہے،رکن صوبائی اسمبلی ایم کیو ایم

بدھ 24 اگست 2016 10:38

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء)سابق صوبائی وزیرِ داخلہ و صنعت اور پابندِ سلاسل رکن سندھ اسمبلی رؤف صدیقی سینٹرل جیل کراچی سے لکھے گئے خط میں پاکستانی قوم کو یہ پیغام بھیجا ہے کہ پاکستان کے خلاف نعرہ نا قابلِ برداشت ہے۔ پاکستان کے خلاف نعرے سے میرا دل ہی نہیں میری روح تک زخمی ہوئی ہے۔ میری تمام جدوجہد عظیم پاکستان کے مجبور و لاچار مظلوم عوام کیلئے تھی اور آخری سانس تک جاری رہے گی۔

انشأاللہ۔

(جاری ہے)

رؤف صدیقی نے کہا کہ اس وطن کی بنیادوں میں ہمارے والدین اور بزرگوں کی جدوجہد اور شہدأ پاکستان کا لہو شامل ہے۔ حب الوطنی کا تقاضا ہے کہ اس کی حفاظت اور تعمیر کی جدوجہد میں اگر جان کا نذرانہ بھی دینا پڑے تو یہ عین شہادت ہے۔ ہم اپنی زندگی بھر کی عبادات اوردعاؤں کو رائیگاں نہیں جانے دے سکتے۔ انہوں نے کہا کہ انشأاللہ تعالیٰ پاکستان کے بیس کروڑ عوام پوری امت کی قیادت کرتے رہیں گے۔ اللہ تعالیٰ ہمیشہ پاکستان کی قیادت فرمائے۔ اللہ تعالیٰ میرے پیارے وطن کو حسدوں کے حسد اور شریوں کے شر سے محفوظ فرمائے۔