وزیر اعظم کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان عملدرآمد سے متعلق اجلاس

کراچی صورت حال پر وزیر داخلہ کی بریفنگ ،کراچی واقعہ کی شدید مذمت قائد متحدہ کیخلاف برطانوی حکومت سے باضابطہ سفارتی رابطے کرنے پر غور پاکستان کی سلامتی، وقار اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا، کسی کو بیرون ملک بیٹھ کر کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دینگے،ملک کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی،اجلاس میں فیصلہ

بدھ 24 اگست 2016 11:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔24اگست۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن کمیٹی کا اجلاس ہوا ہے جس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ کراچی سمیت ملک بھر میں شر پسند عناصر کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کی جائیں اور قائد ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی حکومت سے باضابطہ طور پر کارروائی کے لئے سفارتی رابطے کرنے پر غور کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق منگل کے روز وزیراعظم نواز شریف کی زیر صدارت نیشنل ایکشن پلان کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں آرمی چیف جنرل راحیل شریف وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار مشیر قومی سلامتی ناصر جنجوعہ اور دیگر اعلٰی قیادت نے شرکت کی۔

اجلاس میں مشیر سلامتی ناصر جنجوعہ نے نیشنل ایکشن پر عملدرآمد سے متعلق بریفنگ دی۔ اجلاس میں ایم کیو ایم کی جانب سے گزشتہ روز ہونے والے واقعے کی مذمت کی گئی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد اور کراچی کی صورتحال پر غور کیا گیا جبکہ اس دوران فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کی سلامتی، وقار اور قومی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ کیا جائے گا اور کسی کو بیرون ملک بیٹھ کر کراچی کا امن تباہ کرنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی۔

اجلاس میں اس بات کا عزم کیا گیا کہ پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی کرنے والوں کو اس کی قیمت چکانی پڑے گی۔وفاقی وزیر داخلہ نے اجلاس میں کراچی واقعہ پر بریفنگ بھی دی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کراچی سمیت ملک بھر میں شر پسند عناصر کے خلاف کارروائیاں تیز کی جائیں اور قائد ایم کیو ایم کے خلاف برطانوی حکومت سے باضابطہ طور پر کارروائی کرنے کے لئے سفارتی رابطوں پر غور کیا جائے۔ وزیراعظم نواز شریف نے آج (بدھ کو) نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متعلق اجلاس بھی بلایا ہے۔ اجلاس میں چاروں وزرائے اعلیٰ شرکت کریں گے۔ اجلاس میں نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد سے متلعق فیصلوں پر چاروں وزرائے اعلیٰ کو اعتماد میں لیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :