بھارت : پولیس کی گود میں چڑھ کر سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ

ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شدید تنقید کی زد میں آگئے ، دورے کے دوران لی گئی تصویر کو اخباروں نے اپنے فرنٹ پیج پر شائع کیا

منگل 23 اگست 2016 11:08

نئی دہلی( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء ) بھارت میں پولیس کی گود میں چڑھ کر سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے والے ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ہندوستان کی ریاست مدھیہ پردیش کے وزیر اعلیٰ شیو راج سنگھ چوہان اپنے وفد کے ہمراہ سفید سوٹ اور جوتے پہن کرسیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کرنے پہنچے جہاں کھیتوں میں پانی موجود تھا۔

متاثرہ علاقوں کے دورے دوران لی گئی تصاویر میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ٹخنوں سے اوپر تک بھرے گدلے پانی کو عبور کرنے کے لیے سینئر وزیر نے پولیس افسران کی گود کا سہارا لیا۔وزیراعلیٰ شیو راج چوہان کی دورے کے دوران لی گئی تصویر کو اخباروں نے اپنے فرنٹ پیج پر شائع کیا جس میں واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنے دونوں ہاتھ پولیس افسران کے کندھوں پر رکھے ہوئے ہیں اور مزے سے سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ کررہے ہیں۔

(جاری ہے)

سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئیٹر پر اس تصویر کے ساتھ وزیر اعلیٰ کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا، ان کے اس عمل کو تضحیک آمیز قرار دیا گیا اور برطانوی تسلط کے دوران انگریزوں کے رویے سے بھی تشبیہ دی گئی۔تصویر کو دیکھنے والے کچھ لوگوں نے اس پر ملے جلے ردعمل کا اظہار کیا، انڈیا میں عام طور پر سیاستدانوں کو کافی پروٹوکول دیا جاتا ہے اور ان کے ارد گرد محافظوں کا مجمع ہوتا ہے۔