نریندر مودی،افغان صدر کا کابل میں قدیم محل کا مشترکہ افتتاح

بھارت اور افغانستان دل و دماغ سے قریبی دوست ہیں، مودی کا ویڈیو لنک کے ذریعے افتتاح کے بعد گفتگو ہم بھارت کی حکومت اور عوام کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دکھ سکھ میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا، اشرف غنی

منگل 23 اگست 2016 11:07

کابل( اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔23اگست۔2016ء ) بھارتی وزیراعظم نریندرمودی نے ویڈیو لنک کے ذریعے افغانستان کے صدر اشرف غنی کے ہمراہ کابل میں قدیم قصر دارالامان کی دوبارہ تزئین و آرائش کے بعد مشترکہ طور پر اس کا افتتاح کردیا۔افغان نیوز ایجنسی کے مطابق اس موقع پر ویڈیو لنک سے خطاب کے دوران وزیراعظم نریندر مودی نے افغانستان کے ساتھ دوستی جاری رکھنے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اور افغانستان دل و دماغ سے قریبی دوست ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہندوستان کے 1 ارب 25 کروڑ عوام امن کی خاطر افغانستان کے ساتھ ہیں اور مستقبل میں بھی کام کرتے رہیں گے۔ہندوستانی وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مشترکہ حکمت عملی افغانستان میں ترقی کی علامت ہے اور ہندوستان مستقبل میں بھی افغانستان کے ساتھ ہمیشہ کام کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

افغان صدر اشرف غنی نے تاریخی محل کی بحالی میں مدد کرنے پر ہندوستانی وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ 'ہم بھارت کی حکومت اور عوام کے دل کی گہرائیوں سے شکر گزار ہیں کہ انہوں نے دکھ سکھ میں ہمیشہ ہمارا ساتھ دیا'۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ ہندوستان اور افغانستان کے درمیان دو طرفہ تعلقات قائم ہو رہے ہیں۔یاد رہے کہ اس سے قبل گذشتہ برس ہندوستان اور افغانستان کے سربراہان مملکت نے ہرات کے مقام پر 30 کروڑ ڈالر کی لاگت سے بننے والے فرینڈ شپ ڈیم کا افتتاح کیا تھا، جبکہ گذشتہ سال دسمبر میں ہندوستان کی جانب سے افغانستان کو پارلیمنٹ کی عمارت بھی بطور تحفہ تعمیر کرکے دی گئی۔ہندوستان، افغانستان کی تعمیر و ترقی اور انسانی ہمدردی کی مد میں مزید 1 کروڑ ڈالر امداد کرے گا۔ یہ کسی بھی جنگ زدہ ملک کے لیے سب سے بڑا عطیہ ہوگا۔