جہلم، این اے 63کے ضمنی انتخابات،(ق) لیگ کا مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان

پیر 22 اگست 2016 10:28

جہلم(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2016ء) مسلم لیگ (ق) کے صوبائی راہنماء سابق تحصیل ناظم نے حلقہ این اے 63کے ضمنی انتخابات میں مسلم لیگ (ن) کی حمایت کا اعلان کر دیا تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ق) کے صوبائی راہنماء سابق تحصیل ناظم چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے مسلم لیگ (ن) کے امیدوارحلقہ این اے 63کے ضمنی انتخابات میں نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی کی حمایت کا اعلان ایک پریس کانفرنس میں کیا۔

اس موقع پر پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی راہنما ء زبیر گل،انجم عقیل ایم این اے،ذیشان رفیق ،معاون خصوصی وزیر اعلیٰ پنجاب ،ارکان پنجاب اسمبلی مہر محمد فیاض ،چوہدری شہباز ،مسلم لیگ (ق) کے راہنماء محمد عارف چوہدری کے علاوہ عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔چوہدری عابد اشرف جوتانہ نے کہا کہ ان ضمنی انتخابات میں حلقہ این اے 63کے اپنے تمام ووٹروں اور معززین سے مشاورت کے بعد اس حلقہ سے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے امیدوار نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی خان کی ان انتخابات میں حمایت کا اعلان کیا ہے جبکہ ہماری برادری اور ہمارے تمام ووٹرز انہیں سپورٹ کرنے کے ساتھ ساتھ انہیں ووٹ ڈالیں گے ایک سروے کے مطابق اس تاریخی فیصلہ سے حلقہ این اے 63میں مسلم لیگ (ن) کے لیے فتح کے امکانات یقینی بنتے جا رہے ہیں ۔

(جاری ہے)

کیونکہ جماعت اسلامی ضلع جہلم نے بھی متفقہ طور پر نوابزادہ راجہ مطلوب مہدی خان کی مکمل حمایت کا اعلان کر دیا ہے ۔