فہد قتل کیس کی تفتیش ”کافی کیفے“ تک پہنچنے کے بعد ماند پڑ گئی

سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کرانے کا وزیرداخلہ نے بھی نوٹس لے لیا فوٹیج آنے کے بعد سفید پوش شخصیات سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کے بھی عیب کھلنے کے امکانات پوش سیکٹر کے فلیٹ کی لفٹ میں لڑکی پر مبینہ تشدد کی ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر دھوم مچا دی پولیس کہاں سے تفتیش شروع کرے معلوم نہیں تفتیشی ٹیم سر پکڑ کر بیٹھ گئی

پیر 22 اگست 2016 10:28

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2016ء)فہد قتل کیس کی تفتیش ”کافی کیفے“ تک پہنچنے کے بعد ماند پڑ گئی ہے،سی سی ٹی وی فوٹیج غائب کرانے کا وزیرداخلہ نے بھی نوٹس لے لیا،فوٹیج آنے کے بعد اسلام آباد کے سفید پوش شخصیات سمیت پولیس کے اعلیٰ افسران کے بھی عیب کھلنے کے امکانات روشن ہوگئے ہیں،دوسری جانب پوش سیکٹر کے ایک فلیٹ کی لفٹ میں راجہ ارشد کی جانب سے مبینہ لڑکی پر تشدد کی ویڈیو نے بھی سوشل میڈیا پر دھو م مچا دی ہے،پولیس کہاں سے تفتیش شروع کرے معلوم نہیں تفتیشی ٹیم سر پکڑ کر بیٹھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق بیرسٹر فہد کیس کی تفتیش کافی کیفے تک جاکر ماند پڑ گئی ہے،راجہ ارشد اور ملک حسنین کے جھگڑے کی معلومات لینے کیلئے تفتیشی ٹیم کو کیفے کی سی سی ٹی وی فوٹیج درکار تھی جو کہ جھگڑے کے وقت کی 2گھنٹے کی فوٹیج غائب کر دی گئی ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فوٹیج مبینہ طور پر پولیس نے خود غائب کرائی ہے کیونکہ اس کافی کیفے میں اعلیٰ پولیس افسران اور یدگر سفید پوش شخصیات روزانہ آتی جاتی ہیں اور خصوصاً جھگڑے کے وقت بھی پولیس حکام سمیت اہم سفید پوش شخصیات وہاں موجود تھیں جن کے اس فوٹیج کے باعث رز فاش ہونے کا امکان ہے بلکہ ان کو شامل تفتیش بھی کیا جاسکتا ہے۔

فوٹیج غائب ہونے پر وزارت داخلہ نے نوٹس لے لیا ہے اور متعلقہ کیفے کی انتظامیہ کو بھی شامل تفتیش کرلیا گیا ہے۔واضح رہے کہ متعلقہ کیفے میں رورانہ شام کے اوقات میں اسلام آباد کے سفیدپوش طبقے کے افراد آتے جاتے ہیں جہاں مبینہ طورپر مختلف قانونی وغیر قانونی معاملات کی ڈیلنگ بھی ہوتی ہے۔سفید پوش طبقے اور پولیس حکام کے اپنے راز فاش ہونے کے ڈر سے کیفے کی فوٹیج غائب کرا دی گوی ہے جس کی وجہ سے فہد قتل کیس میں تفتیش کی رفتار کم ہوگئی ہے۔

دوسری جانب فہد قتل کیس کے مرکزی ملزم راجہ ارشد کی جانب سے اسلام آباد کے ایک پوش سیکٹر کی ایک لفٹ میں لڑکی پر تشدد کی ویڈیو فوٹیج نے بھی سوشل میڈیا پر انت مچا دی ہے۔راجہ ارشد کی جانب سے تشدد کی فوٹیج سامنے آنے کے بعد پولیس کی تفتیش ٹیم سر جوڑ کر بیٹھ گئی ہے کہ تفتیش کہاں سے شروع کرے ایک جانب راجہ ارشد اور حسنین ملک کے جھگڑے کی کیفے میں سی سی ٹی وی فوٹیج غائب ہوگئی ہے جبکہ دوسری جانب مرکزی ملزم راجہ ارشد کی جانب سے لڑکی پر تشدد کی فوٹیج سامنے آگئی ہے