جموں و کشمیر کی شورش کے پیچھے پاکستان کا ہاتھ ہے،بھارتی وزیر ارون جیٹلی کا الزام

پیر 22 اگست 2016 10:51

سری نگر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔22اگست۔2016ء) حریت پسند کشمیری رہنما برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ وادی میں پیدا ہونے والی صورت حال پر قابو پانے میں ناکامی کے بعد بھارتی وزیروں کی جانب سے پاکستان پر الزام تراشی کا سلسلہ جاری ہے جبکہ بھارتی وزیرا عظم نریندر مودی،وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کے بعد اب ارون جیٹلی نے بھی کشمیر میں آزادی کی نئی لہر کا ذمہ دار پاکستان کو ٹھہرا دیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں بی جے پی کی جانب سے منعقدہ تقریب سے خطاب کے دوران ارون جیٹلی نے کہا ہے کہ پاکستان جموں و کشمیرکوبھارت کا اٹوٹ انگ نہیں سمجھتا، جموں و کشمیر میں بے امنی اور اشتعال پھیلانے کے لیے پاکستان نئے طریقے اختیار کررہا ہے، جنگوں سے فیصلہ نہ ہونے پر دراندازی شروع کردی گئی ہے، جس کی وجہ سے سنگین صورت حال پیدا ہوگئی ہے۔

(جاری ہے)

بھارتی وزیر خزانہ نے ہرزہ سرائی کی کہ بھارت کے اتحاد کو ایک مرتبہ پھر للکارا گیا ہے اور یہ کام صرف پاکستان کا نہیں بلکہ اس میں کئی دوسری طاقتیں بھی شامل ہیں۔

اورن جیٹلی نے کہا کہ یہ سب ہمارے لیے ایک بڑا چیلنج ہے لیکن ہم اس پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔واضح رہے کہ 8 جولائی کو قابض بھارتی فوج کے ہاتھوں برہان وانی کی شہادت کے بعد مقبوضہ کشمیر کے نوجوان آزادی کے لئے ایک مرتبہ پھر میدان میں اتر آئے ہیں لیکن اس دوران بھارتی فوج کی بربریت کے نتیجے میں 90 کشمیری شہید اورہزاروں زخمی ہوچکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :