پاکستانی پرچم کی بے حرمتی ، پاک افغان فورسزکے درمیان میٹنگ ناکام

تیسرے روزبھی باب دوستی گیٹ احتجاجاً بند رہا ،پاک افغان تجارت نیٹوسپلائی سمیت ہرقسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل مال بردارٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں،ٹرکوں میں لدے سبزی ومیوہ جات خراب ہونے کاخدشہ

اتوار 21 اگست 2016 12:04

چمن(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔21اگست۔2016ء)افغان فورسز نے اپنے شہریوں کے ساتھ مل کر پاکستانی پرچم کی توہین کی اور افغان فورسز نے اپنے ملک کی آزادی کے دن کی مناسبت باب دوستی تک ریلی نکالی تھی اس دوران افغان فورسز اور شہریوں کی جانب سے باب دوستی پر پتھراوکیا جس کو وجہ سے دوستی گیٹ کے شیشے ٹوٹ گئے تھے اس واقعہ کے متعلق پاک افغان فورسز کے درمیان فلیگ میٹنگ بھی ناکام ہوگئی جس کی وجہ سے ہفتہ کو تیسرے روزبھی باب دوستی گیٹ احتجاجاً بند رہا باب دوستی بند ہونے سے پاک افغان تجارت نیٹو سپلائی سمیت ہر قسم کی تجارتی سرگرمیاں معطل ہوگئیں جس کی وجہ سے سرحد کے دونوں جانب نیٹوکنٹینر ز اور ہر قسم کے مال بردار ٹرکوں کی لمبی قطاریں لگ گئی اور سرحد کی بندش کی وجہ سے ٹرکوں میں لادے سبزی و میوہ جات خراب ہونے کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے جس کے باعث تاجروں کو لاکھوں روپے کا نقصان اٹھانے کا خطرہ بڑھ رہا ہے سرحد کی بند ش سے تاجروں اور پاک افغان سرحد پر آباد قبائیلیوں کو سخت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے