آرمی چیف کا پاک افغان سرحد پر اگلے مورچوں کا دورہ

دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شریک فوجیوں کے بلند جذبے ،پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشن کی پیش رفت رپر اطمینان کا اظہار ملک بھر سے دہشتگردو ں اور انکے سلیپرز سیل کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے ، جنرل راحیل شریف

ہفتہ 20 اگست 2016 11:08

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔20اگست۔2016ء)چیف آف آرمی سٹاف جنرل راحیل شریف نے دہشتگردی کیخلاف جنگ میں شریک فوجیوں کے بلند جذبے ،پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشن کی پیش رفت رپر اطمینان کا اظہار کرتے ہوکئے کہا ہے کہ ملک بھر سے دہشتگردو ں اور انکے سلیپرز سیل کے خاتمے تک کارروائیاں جاری رکھیں گے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے خیبر ایجنسی میں پاک افغان سرحد کے ساتھ اگلے مورچوں کا دورہ کیا اور آپریشنز میں مصروف فوجیوں سے ملاقات کی ۔

آرمی چیف کو آپریشنل کمانڈر کی جانب سے جاری آپریشنز اور ابتک حاصل ہونیوالی کامیابیوں کو مستحکم کرنے کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ آپریشن کی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے آرمی چیف نے مختلف تنظیموں کے چھپے ہوئے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے فوجیوں کے بلند جذبے اور پیشہ ورانہ مہارت کو سراہا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راجگال کے دشوار گذار اور غیر ہموار پہاڑی دروں کو کلیئر کرانا پاکستان کی طرف سے سرحد کے آر پار دہشتگردوں کی نقل و حرکت روکنے کے عزم کا اظہار ہے اور اس سے بارڈر مینجمنٹ پر عملدرآمد یقینی بنانے میں مدد ملے گی ۔

پاک فوج کے سربراہ نے دہشتگردوں کی کسی بھی طرح کی نقل و حرکت روکنے کیلئے نگرانی بڑھانے اور فعال طرز فکر اختیار کرنے کی ہدایت کی ۔ اس موقع پر فوجیوں سے گفتگو کرتے ہوئے آرمی چیف نے کہا کہ قوم اور بہادر فوج نے دہشتگردی کیخلاف جنگ کی بھاری قیمت ادا کی ہے اور ہم ملک بھر سے دہشتگردوں کے مکمل خاتمے تک تمام دور دراز علاقوں سے دہشتگردوں کو نکالنے اور انکے سلیپرز سیلز کو کلیئر کرانے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لتے رہیں گے ۔ قبل ازیں اگلے مورچوں پر آمد کے موقع پر آرمی چیف کا استقبال کور کمانڈر پشاور لیفٹیننٹ جنرل ہدایت الرحمان نے کیا ۔