عام انتخابات شیڈول سے6 یا 8ماہ پہلے ہو نگے ، آصف زرداری سال کے آخر تک وطن واپس آئیں گے،منظور وسان

جمعہ 19 اگست 2016 10:20

سکھر(اُردو پوائنٹ اخبارآن لاتن۔19اگست۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما منظور وسان نے کہا ہے کہ ملک میں عام انتخابات شیڈول سے6 یا 8ماہ پہلے ہو نگے ، آصف زرداری اس سال کے آخر میں وطن واپس آئیں گے، سکھر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے منظور وسان نے کہا کہ سندھ کے مفاد کے لیے ہم سب کو مل کر کام کرنا چاہئے، کرپشن نے اس ملک کو نقصان پہنچایا ہے، کرپشن جو بھی کرے اس کے خلاف جلد کارروائی ہونی چاہئے، انہوں نے کہا کہ ملک میں عام انتخابات شیڈول سے پہلے ہوں گے اور 6سے8ماہ پہلے انتخابات ہو سکتے ہیں، ایک سوال پر کہا کہ آصف علی زرداری رواں سال کے آخر میں وطن واپس آئیں گے، انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کا اسمبلیوں سے استعفیٰ کا امکان 50فیصد ہے اگر ایم کیو ایم نے استعفے دئیے تو اس کا فائدہ پاک سرزمین پارٹی کو ہوگا، انہوں نے کہا کہ بہت سے لوگ پیپلزپارٹی میں آنے کو تیار ہیں اگلے عام انتخابات میں پیپلزپارٹی کراچی سے بھی اچھی سیٹیں لے گی، پیپلزپارٹی کی سیٹیں پہلے سے زیادہ ہوں گی اور ایم کیو ایم کی سیٹیں کم ہوں گی۔