وفاقی وزیر سمندرپارپاکستانیز پیر صدرالدین شاہ راشدی کی سعودی وزیرصحت سے ملاقات

کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کوطبی سہولیات سے متعلق امورپرگفتگو پاکستانی مزدوروں کوعلاج معالجے کی سہولیات سرکاری ہسپتالوں میں مفت فراہم کی جائیں گی، اخراجات سعودی حکومت برداشت کریگی،سعودی وزیر کی یقین دھانی

جمعرات 18 اگست 2016 11:13

ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء)وفاقی وزیربرائے سمندرپارپاکستانیزوترقی انسانی وسائل پیرسیدصدرالدین شاہ راشدی نے سعودی عرب کے وزیرصحت ڈاکٹرتوفیق سے ملاقات کی اورکیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کوطبی سہولیات سے متعلق امورپرگفتگوکی۔سعودی وزیرصحت نے وفاقی وزیرکویقین دلایاکہ کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کوعلاج معالجے کی سہولیات سعودی عرب کے سرکاری ہسپتالوں میں مفت فراہم کی جائیں گی اورطبی سہولیات کی فراہمی پراٹھنے والے اخراجات سعودی حکومت برداشت کریگی۔

ملاقات کے دوران وفاقی وزیرنے سعودی وزیرصحت کوکیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کوطبی سہولیات کی عدم فراہمی سے متعلق آگاہ کیا۔ملاقات انتہائی خوشگوارماحول میں ہوئی اوردونوں ممالک نے پاکستانی مزدوروں کی مشکلات میں کمی کیلئے مل کرکام کرنے پراتفاق کیا۔

(جاری ہے)

وفاقی وزیرنے سعودی عرب کے وزیرمحنت اورسماجی ترقی ڈاکٹرمفرج بن سعدالحبانی سے بھی ملاقات کی اورانہیں کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کودرپیش مسائل بشمول تنخواہوں کی عدم ادائیگی ،اقامہ کی تجدید،طبی سہولیات کی عدم فراہمی اوردیگرمسائل سے آگاہ کیا۔

سعودی وزیرمحنت نے وفاقی وزیرکوپاکستانی مزدوروں کے مسائل کے جلدازالے کی یقین دہانی کرائی ۔پیرسیدصدرالدین راشدی نے کیمپوں میں مقیم پاکستانی مزدوروں کے نمائندوں سے بھی ملاقات کی اورانہیں سعودی وزراء سے اپنی ملاقاتوں کااحوال بتایا۔سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر،منیجنگ ڈائریکٹراوورسیزپاکستانیزفاوٴنڈیشن حبیب الرحمن گیلانی ،کمیونٹی ویلفیئراتاشی اوردیگرمتعلقہ پاکستانی اورسعودی حکام بھی ملاقاتوں میں موجودتھے

متعلقہ عنوان :