پانامہ لیکس پر ٹی آوآرز سے متعلق اپوزیشن آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے، شاہ محمود قریشی

عوام سے رجوع کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے ہمارے اس حق کو اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے تسلیم کیا ہے اپوزیشن کی کوئی جماعت ہمارے لائحہ عمل پر معترض نہیں ہے، ٹی آوآرز سے متعلق مشترکہ اپوزیشن کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو

جمعرات 18 اگست 2016 11:13

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔18اگست۔2016ء )قومی اسمبلی میں ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور سینئیر رہنما پاکستان تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس پر ٹی آوآرز سے متعلق اپوزیشن آج بھی اپنے موقف پر قائم ہے۔عوام سے رجوع کرنا سیاسی جماعتوں کا حق ہے ہمارے اس حق کو اپوزیشن کی تمام جماعتوں نے تسلیم کیا ہے یا حکومت کا پیدا کردہ یہ تاثر ختم ہوگیا ہے تحریک انصاف سولو فلائٹ پر ہے، اپوزیشن کی کوئی جماعت ہمارے لائحہ عمل پر معترض نہیں ہے۔

شاہ محمود قریشی پارلیمنٹ ہاوس اسلام آباد میں ٹی آوآرز سے متعلق مشترکہ اپوزیشن کے اہم اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کررہے تھے۔ رہنما تحریک انصاف شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اپوزیشن ارکان کی اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات کے بعد کہا کہ اپوزیشن آج بھی ٹی آوآرز سے متعلق اپنے موقف پر قائم ہے،حکومتی روئیے کو دیکھ کر وقت کے ساتھ ساتھ ہمارے موقف میں مضبوطی آئی ہے۔

(جاری ہے)

انھوں نے ٹی آوآرز کمیٹی کی گزشتہ نشستوں پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اپوزیشن کے مل بیٹھنے پر پہلے دن سے خوش نہیں تھی۔ حکومت نے اپوزیشن کو تقسیم کرنے کا ہر حربہ استعمال کیا اور جب ناکامی ہوئی تو اب اسپیکر کو آگے کر دیا ہے۔شاہ محمود قریشی نے ذوردیتے ہوئے کہا کہ عوام سے رجوع کرنا ہر سیاسی جماعت کا حق ہے اور ہم سے اس حق کو استعمال کیا ہے جس پراپوزیشن تحریک انصاف کے لائحہ عمل پر معترض نہیں ہے۔

انھوں نے مشترکہ اپوزیشن کے اجلاس اور اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات سے متعلق کہا کہ ٹی او آرز کے معاملے پر حکومت کی گاڑی جہاں کھڑی تھی وہیں کھڑی ہے جو بالکل آگے نہیں بڑھی۔ آج کے اجلاس میں 19 جولائی کو ہونے والے آل اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ اجلاس کے فیصلوں کی توثیق کی گئی ہے۔ انھوں نے کہا کہ کچھ وزراء یہ تاثر دینا چاہ رہے تھے کہ پی ٹی آئی سولو فلائٹ پر گامزن ہے جس تمام اپوزیشن نے رد کردیا ہے۔