الیکشن کمیشن میں وزیر اعظم سمیت اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کیخلاف دائر نااہلی ریفرنس کی سماعت آج ہوگی

بدھ 17 اگست 2016 10:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اگست۔2016ء)الیکشن کمیشن آف پاکستان میں وزیر اعظم نوازشریف سمیت اراکین قومی اور صوبائی اسمبلی کے خلاف دائر نااہلی ریفرنس کی سماعت آج( بدھ کو ) ہوگی ،چیف الیکشن کمشنر سرداررضا خان پی ٹی آئی اور پیپلز پارٹی سمیت اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے انتخابی گوشواروں میں اثاثے ظاہر نہ کرنے سے متعلق درخواستوں پر فریقین کے دلائل سنیں گے ۔

(جاری ہے)

الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق وزیر اعظم پاکستان میاں نواز شریف سمیت ان کے داماد کیپٹن (ر) صفدر،خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین شہرام ترکئی اور محمد علی خان کے خلاف دائر رنفرنسز کی سماعت ہوگی وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف پاکستان تحریک انصاف ،پاکستان پیپلز پارٹی اور پاکستان عوامی لیگ کی جانب سے اثاثے چھپانے کے الزامات کے تحت نااہلی کے ریفرنس دائر کئے گئے ہیں جبکہ وزیر اعظم کے داماد کیپٹن (ر) صفدر کے خلاف پی ٹی آئی کے نوابزادہ صلاح الدین اور خیبر پختونخوا اسمبلی کے اراکین شہرام ترکئی اور محمد علی کے خلاف اے این پی کی بشری گوہر نے ریفرنس دائر کئے ہیں ذرائع کے مطابق پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود خان اچکزئی کے خلاف بھی دائر درخواست کی سماعت آج ہوگی