پنجاب میں جعلی نمبر پلیٹس بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن

محکمہ ایکسائز کی طرف سے جاری کردہ نمبر پلیٹوں کے علاوہ دیگر تمام نمبرپلیٹوں کو غلط تصور کیا جائے گا غیرمجاز نمبر پلیٹ تیار کرنے والوں کو ایک سال قید اور ایک لاکھ روپیہ جرمانہ‘ جعلی نمبر پلیٹ بنانے پر 2سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانہ ہو گا

بدھ 17 اگست 2016 10:09

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اگست۔2016ء) پنجاب میں جعلی نمبرپلیٹ بنانے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن شروع کر دیا گیا ہے۔ صوبائی موٹر وہیکل ترمیمی آرڈیننس کے تحت محکمہ ایکسائز کی جاری کردہ نمبر پلیٹوں کے علاوہ دیگر تمام نمبر پلیٹوں کو غلط تصور کیا جائے گا۔ ترمیمی آرڈی نینس کے مطابق غیرسرکاری اور جعلی نمبر پلیٹوں کی تیاری سنگین جرم ہے۔

غیرمجاز نمبر پلیٹیں بنانے والوں کو ایک سال تک قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکے گی۔ جبکہ جعلی نمبر پلیٹ تیار کرنے والے کو 2سال قید اور 2لاکھ روپے جرمانے کی سزا دی جا سکتی ہے۔ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن اور نارکوٹکس کنٹرول کی جانب سے حکومت کی جاری کردہ نمبر پلیٹ کی خصوصیات کا تعین بھی کر دیا گیا ہے۔ ایلومینیم سے تیار کردہ نمبر پلیٹوں پر لیزرپرنٹڈ سیریل نمبر درج ہو گی اور30ڈگری زاویے پر پنجاب گورنمنٹ کا لوگو واضح طور پر دیکھا جا سکے گا۔

(جاری ہے)

عالمی ادارہ معیارات کے سٹینڈرڈ کے مطابق نئی نمبر پلیٹیں روشنی کو منعکس کریں گی۔ اس ضمن میں یہ امر قابل ذکر ہے کہ وہ گاڑی مالکان جو نمبر پلیٹ کی فیس جمع کروانے کے باوجود نمبر پلیٹ سے محروم ہیں وہ متعلقہ رجسٹریشن اتھارٹی آفس یا سرکاری ویب سائٹ www.excise-punjab.gov.pk کے ذریعے نمبر پلیٹ کے حصول میں معاونت حاصل کر سکتے ہیں۔ عوام کی سہولت کے لئے ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کی خصوصی ہیلپ لائن 0800-08786 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے

متعلقہ عنوان :