وزیراعظم نواز شریف کی واپڈا کو بجلی کی پیداوار میں اضافے اور سیلابوں کی روک تھام کے لئے ملک بھر میں آبی ذخائر کی تعمیر تیز کرنے کی ہدایت

بدھ 17 اگست 2016 10:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔17اگست۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے واپڈا کو بجلی کی پیداوار میں اضافے اور سیلابوں کی روک تھام کے لئے ملک بھر میں آبی ذخائر کی تعمیر تیز کرنے کی ہدایت کی ہے۔وزیراعظم نے منگل کو وزیراعظم ہاؤس میں چیئرمین واپڈا ظفر محمود کے ساتھ ملاقات میں ہدایت کی کہ متعلقہ ترقیاتی منصوبوں پر کام کو تیز کیا جائے اور پن بجلی کی زیادہ پیداوار کے امکانات کو مزید تلاش کیا جائے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کہا کہ واپڈا کو ملک میں پانی اور پن بجلی کے وسائل کی ترقی کے لئے مستعدی سے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم سستی اور قابل برداشت بجلی پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ آنے والے وقتوں میں بالخصوص شدید آبی چیلنجوں سے نبردآزما ہونے کے پیش نظر آبی قلت کے مسئلے کو دور کرنے کا مقصد رکھتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سستی اور صاف ستھری بجلی کی پیداوار سے نہ صرف صارفین سہولت ملے گی بلکہ آبی ذخائر کی تعمیر سے ملک کو اپنی آبی ضروریات پوری کرنے میں بھی مدد ملے گی۔ چیئرمین واپڈا نے وزیراعظم کو ملک میں پن بجلی کے مختلف جاری منصوبوں پر پیش رفت کے بارے میں آگاہ کیا۔