ملتان میں جشن آزادی کی تقریب میں فائرنگ ،لیگی رہنما سمیت 2افراد جاں بحق،حملہ آورملزم نے خودکشی کرلی،وزیراعلیٰ نے رپورٹ طلب کرلی

پیر 15 اگست 2016 10:08

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء)ملتان میں جشن آزادی کے سلسلے میں منعقد تقریب میں فائرنگ سے مسلم لیگ (ن) کے رہنما سمیت دو افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ فائرنگ کرنے والے شخص نے بھی خودکشی کر لی۔تفصیلات کے مطابق ملتان میں یہ واقعہ بستی ملوک میں پیش آیا جہاں یونین کونسل نمبر 384 کے دفتر میں یوم پاکستان کے سلسلے میں کیک کاٹا جا رہا تھا کہ ندیم نامی شخص تقریب میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی۔

(جاری ہے)

فائرنگ سے پاکستان مسلم لیگ ن کے مقامی رہنما سلیم رجب اعوان اور ان کے بیٹے سمیت دو بچے زخمی ہو گئے اور فائرنگ کرنے والا شخص ندیم موقع سے فرار ہوگیا۔ریسکیو 1122 نے سلیم رجب اعوان کو نشتر اسپتال جبکہ بچوں کو ایک نجی اسپتال میں منتقل کر دیا جہاں اسپتال ذرائع کے مطابق سلیم رجب اعوان اور ان کا بیٹا عرفان دم توڑ گئے ہیں۔ہسپتال کے طبی عملے کا کہنا ہے کہ دوسرے زخمی بچے کی حالت بھی تشویشناک ہے۔دوسری جانب پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کرنے والے شخص ندیم نے بعد میں خود کو گولی مار کر خودکشی کر لی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعہ ذاتی دشمنی کا لگتا ہے تاہم ابھی کچھ کہنا قبل از وقت ہے ۔دوسری طرف وزیراعلیٰ پنجاب نے ملتان کے پولیس حکام سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔