بھارت کا پاکستان سے مذاکرات کے لیے پیشگی شرائط کا اعلان

حافظ سعید اور سید صلاح الدین کی حمایت بند اور ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کی تحقیقات کر نے کی ایک بار پھر رٹ ، ترجمان بھارتی وزات خارجہ کا ٹوئیٹ

پیر 15 اگست 2016 10:49

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء)بھارت نے پاکستان سے مذاکرات کرنے کے لیے پیشگی شرائط کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کی جانب سے اْسے مذاکرات کی دعوت دی گئی تو وہ اس کا خیر مقدم کرے گابھارتی وزارتِ خارجہ کے ترجمان وکاس سوروپ نے ٹویٹ کیا ہے کہ انڈیا پاکستان کے ساتھ تمام حل طلب مسائل پر بات کرنا چاہتا ہے۔ اس وقت ضروری ہے کہ پاکستان سرحد کے پار سیبھارت میں ہونے والی دہشت گردی کی معاونت بند کرے۔

انھوں نے کہا کہ مذاکرات شروع کرنے سے پہلے ضروری ہے کہ پاکستان ’سرحد کے پار سے ہونے والی اشتعال انگیزی اور دہشت گردی کو روکے‘وکاس سوروپ نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ ’مذاکرت شروع کرنے کے لیے ضروری ہے کہ پاکستان بین الااقوامی طور پر تسلیم شدہ حافظ سعید اور سید صلاح الدین جیسے دہشت گردوں کی حمایت کرنا بند کرے اور ممبئی اور پٹھان کوٹ حملوں کی تحقیقات کرے۔

(جاری ہے)

‘دوسری جانب انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے بھی پاکستان پر دہشت گردی کو فروغ دینے کا الزام عائد کیا ہے۔ بھارتی ریاست جھاڑ کنڈ میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ ’اس میں کوئی شک نہیں ہے کہ دہشت گردی کو پاکستان سے فروغ ملتا ہے۔‘یاد رہے کہ پاکستان کے وزیر اعظم نواز شریف کے مشیر برائے خارجہ اْمور سرتاج عزیز نے کہا ہے کہ کشمیر کے مسئلے پر بات کرنے کے لیے پاکستان نے انڈیا کو مذاکرات کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔

مختلف ملکوں میں تعینات پاکستانی سفیروں کی کانفرنس کے بعد سرتاج عزیز نے کہا کہ ’پاکستان اور انڈیا کے درمیان جامع مذاکرات شروع نہ کرنے کی پالیسی جنوبی ایشیا میں امن کے منافی ہے۔‘پاکستان کی جانب سے مذاکرات کی دعوت ایک ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب انڈیا کے وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے انڈین پارلیمان سے خطاب میں کہا تھا کہ انڈیا صرف پاکستان کے زیر انتظام کشمیر کے بارے میں اْس سے مذاکرات کرے گا اور جموں و کشمیر کے بارے میں پاکستان سے مذاکرات کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔