دہشتگردی کے شہدا کے لہو کا ایک ایک قطرہ ہم پر قرض ہے، صدرممنون

سانحہ کوئٹہ کے متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں دیدہ اور نادیدہ دشمن کو بھاگنے نہیں دیاجائے گا، آپریشن ضرب عضب کے نتائج حوصلہ افزا ہیں،،یوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کو بھولنا نہیں چاہیے، یوم آزادی کی مرکزی تقریب سے خطاب

پیر 15 اگست 2016 10:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔15اگست۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ قائد اعظم کے فرمودات حکمت کے موتی ہیں جن پر عمل کر کے ہر شعبے میں کامیابی حاصل کی جا سکتی ہے۔”آپ سب کو یوم آزادی مبارک ہو“ دعا ہے سبز ہلالی پرچم ہمیشہ سر بلند رہے، دہشتگردی میں شہید ہونے والوں کے لہو کا ایک ایک قطرہ ہم پر قرض ہے، سانحہ کوئٹہ کے متاثرین خود کو تنہا نہ سمجھیں،دیدہ اور نادیدہ دشمن کو بھاگنے نہیں دیاجائے گا،آزمائشوں سے نمٹنے کیئے ضروری ہے کہ قائد کے نظریات کو اپنایا جائے اور ان پر عمل کیا جائے، اختلافات کو ہوا دینے سے گریز کیا جائے اور ملکی ترقی کیلئے لسانی اور گروہی تفریق سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کے دست بازو ہو جائیں،قوم کی بیٹیاں ملکی ترقی میں کردار ادا کریں، پاکستان کشمیری بھائیوں کی سفارتی اوراخلاقی حمایت جاری رکھے گا۔

(جاری ہے)

جشن آزادی کی خوشیوں میں کشمیریوں کو یاد رکھنا ہو گا۔ان خیالات کا اظہار صدر مملکت نے جناح کنونشن اسلام آباد میں پر چم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کے دورا ن کیا۔پرچم کشائی کی مرکزی تقریب اسلام آباد کے جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں ہوئی،صدر ممنون حسین اور وزیراعظم نوازشریف نے سبز ہلالی پرچم فضا میں بلند کیا،تقریب میں صدر مملکت ممنون حسین ، وزیر اعظم نواز شریف ، آرمی چیف جنرل راحیل شریف، پاک بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان ، سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق، ارکان پارلیمنٹ ، وفاقی وزراء اور غیر ملکی سفیروں نے شرکت کی، تقریب میں سائرن بجایاگیا۔

جناح کنونشن سینٹر اسلام آباد میں پرچم کشائی کی مرکزی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک کیلئے شہید ہونے والے ہر شخص کے لہو کا ایک ایک قطرہ ہم پر قرض ہے جس کا حساب لیا جائے گا اور دشمن کو بھاگنے نہیں دیاجائے گا، نیشنل ایکشن پلان کے تحت آپریشن ضرب عضب کے حوصلہ افزاء نتائج ملے ہیں، آپریشن ضرب عضب اپنے آخری مراحل میں ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں قوم مسلح افواج کے شانہ بشانہ ہے،دہشت گردی کا ہمیشہ کیلئے خاتمہ کریں گے،نوجوانوں کا جوش ملی جذبے میں بدلنا ہو گا۔

صدر مملکت نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک فوج نے بے پناہ قربانیاں دیں جنہیں سلام پیش کرتا ہوں،سانحہ کوئٹہ میں ہمارے بھائی اور بچے شہید ہوئے ، سانحہ پر ہر پاکستانی کا دل دکھی ہے تاہم غم زدہ خاندان مشکل کی اس گھڑی میں خود کو تنہا نہ سمجھیں۔انہوں نے کہا کہ قوم کی دعاؤں سے دہشت گردی کا مکمل خاتمہ کر نے میں کامیاب ہو نگے،ملکی ترقی اور خوشخالی کا راز جمہوریت میں ہے،ملک کے تمام طبقے یکسو ہیں کہ ملکی ترقی کا راز جمہوریت میں پوشیدہ ہے ۔

انہوں نے کہا کہ’ ’قائد اعظم نے فرمایا تھا کہ جمہوریت کا تصور مسلمانوں کی گتھی میں پڑا ہے “جمہوریت ناموافق حالات میں بھی راہ ہموار کر تی ہے ، جمہوری طرز عمل اختیار کر کے ہی ترقی کا سفر طے کیا جا سکتا ہے۔صدر ممنون حسین نے کہا کہ قوم کی بیٹیاں علم و ہنر کی دولت سے مالا مال ہوکر ملک کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں گی،نوجوانوں کے جوش و جذبے کو جذبہ تعمیر میں بدلنے کی ضرورت ہے،ہماری تاریخ کے سنہری نقوش مشعل راہ ہیں،یوم آزادی پر کشمیری بھائیوں کو بھولنا نہیں چاہیے۔صدر مملکت نے کہاکہ کشمیری بھائیوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت اور مدد جاری رکھیں گے،بدی کی قوتوں کو سرنگوں کرکے اپنے وطن کو اندھیروں سے پاک کرنے کے لیے قوم متحد ہوجائے۔