ٹوبہ ٹیک سنگھ،ماں کوبے ہوش کرکے معصوم بچوں کے پیٹ کاٹنے کی کوشش

نامعلوم ملزمہ آہٹ ہونے پرفرار،زخمی بچے اورماں فوری طورپرہیلتھ سنٹرمنتقل،عملہ نہ ہونے پربچے دردسے کراہتے رہے،بچوں کے لواحقین اورشہریوں کاسنٹرانتظامیہ کیخلاف شدیداحتجاج

اتوار 14 اگست 2016 12:23

ٹوبہ ٹیک سنگھ (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔14اگست۔2016ء) نامعلوم خاتون نے گھر میں گھس کرماں کو بے ہوش کرکے کمسن بچوں کے پیٹ کاٹنے کی کوشش ،کوئی آہٹ ہونے پر خاتون فرار ہوگئی ،چک نمبر 333گ ب میں ہفتہ کے روز نامعلوم خاتون محنت کش محمد افضل کے گھر داخل ہوگئی ،اور اسکی بیوی فوزیہ بی بی کو پانی پلانے کا کہا ،جب فوزیہ بی بی اس نا معلوم عورت کے پانی پلانے لگی تو اس نے سپرے چھڑک کر فوزیہ کو بے ہوش کردیا ،اور اسکے ہاتھ پاؤں دوپٹہ سے باندھ دئیے ،اور منہ بھی باندھ دیا ،اور گھر میں موجود اسکے دو کمسن بچوں تین سالہ عبداللہ اور چار سالہ آمنہ کو قابو کرکے ان کے بھی ہاتھ پاؤں باندھ دئیے اور ان کے پیٹ پر ناف کے نیچے دونوں اطراف کسی تیز دھار آلہ سے پیٹ کو کاٹ دیا ،اسی اثناء میں گھر میں کوئی آہٹ ہونے پر نامعلوم ملزمہ فرار ہوگئی ،جبکہ قریبی گھر میں کام کرنے والے مستری نے جب بچوں اور انکی ماں کی حالت دیکھی تو ارد گرد کے لوگوں کو اطلاع دی ،جس پر لوگوں نے بچوں کو فوری طور پر رورل ہیلتھ سنٹر پیر محل منتقل کیا،جہاں ایمرجنسی ڈیوٹی پر کوئی ڈاکٹر موجود نہ ہونے کے باعث ڈیڑھ گھنٹہ تک معصوم بچے ہیلتھ سنٹر میں شدید درد سے کراہتے رہے ، جس پر بچوں کے لواحقین اور دیگر شہریوں نے ہیلتھ سنٹر انتظامیہ کے خلاف شدید احتجاج کرتے ہوئے عملہ کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ،ٹوبہ ٹیک سنگھ میں پیش آنے والااپنی نوعیت کا یہ پہلا واقعہ ہے ،جس میں معصوم بچوں کو ٹارگٹ بنایا گیا ہے ،تاحال ملزمہ کا کوئی سراغ نہیں مل سکا ۔

متعلقہ عنوان :