سانحہ کوئٹہ قوم کے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے ،چیف جسٹس

سانحے میں زخمی وکلاء کے حوصلے دیکھ کر اندازہ ہوگیا ہم اپنے پختہ حوصلوں کی مدد سے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں،سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کے موقع پر گفتگو

جمعہ 12 اگست 2016 10:16

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اگست۔2016ء)چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس انور ظہیر جمالی نے کہا ہے کہ سانحہ کوئٹہ قوم کے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے مگر سانحے میں زخمی ہونے والے وکلاء کے حوصلے دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ ہم اپنے پختہ حوصلوں کی مدد سے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں۔انہوں نے جمعرات کو کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے بعدکراچی کے آغا خان اسپتال میں سانحہ کوئٹہ کے زخمیوں کی عیادت کی۔

تفصیلات کے مطابق چیف جسٹس آف پاکستان انور ظہیر جمالی کراچی بدامنی کیس کی سماعت کے بعد کراچی کے نجی اسپتال آغا خان پہنچنے جہاں انہوں نے سانحہ کوئٹہ میں زخمی ہونے والے وکلاء کی عیادت کی اور خیریت دریافت کی۔اس موقع پر جسٹس انور ظہیر جمالی نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ”سانحہ کوئٹہ قوم کے حوصلے پست کرنے کی سازش ہے مگر سانحے میں زخمی ہونے والے وکلاء کے حوصلے دیکھ کر اندازہ ہوگیا کہ ہم اپنے پختہ حوصلوں کی مدد سے دشمن کو شکست دے سکتے ہیں“۔

(جاری ہے)

چیف جسٹس نے ڈاکٹروں سے ملاقات کرکے ہدایت کی کہ وہ زخمیوں کے علاج و معالجے میں کسی قسم کی کسر نہ رکھی جائے۔یاد رہے سانحہ کوئٹہ میں شدید زخمی ہونے والے 42 افراد کو کراچی کے جناح اور آغا خان اسپتال منتقل کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ سندھ نے اسپتال انتظامیہ کو بہترین علاج و معالجے کی ہدایت کرتے ہوئے تمام اخراجات سندھ حکومت کی جانب سے ادا کرنے کا اعلان کیاتھا۔

دوسری جانب چیف جسٹس انور ظہیر جمالی 4 روزہ سرکاری دورے پر سری لنکا روانہ ہورہے ہیں جہاں وہ ایشیاء لاء کانفرنس میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کریں گے۔ چیف جسٹس کی غیر موجودگی میں سپریم کورٹ کے سنیئر جج جسٹس ثاقب نثار قائم مقام چیف جسٹس کے امور سرانجام دیں گے۔اس ضمن میں جسٹس آصف سعید کھوسہ جمعے کی صبح جسٹس ثاقب اعجاز سے قائم مقام چیف جسٹس کا حلف لیں گے، جس کے بعد وہ 15 اگست تک قائم مقام چیف جسٹس کی ذمہ داریاں انجام دیں گے۔

متعلقہ عنوان :