افغانستان، ہلمند کے ضلع ناوا میں طالبان کی پسپائی

لشکر گاہ میں سکیورٹی کی صورتحال قابو میں ہے، وزارت دفاع

جمعہ 12 اگست 2016 10:52

کابل (اُردو پوائنٹ اخبارآن لائن۔12اگست۔2016ء)افغانستان کی افواج نے شدید لڑائی کے بعد صوبے ہلمند کے مرکزی ضلعے ناوا پر افغان طالبان کے قبضے کی کوشش ناکام بنا دی ہے۔معروف غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق ناوا جانے والی مرکزی شاہراہ تاحال بند ہے لیکن افغانستان کی افواج مرکزی شاہراہ کے بجائے جنوبی راستے سے داخل ہوئیں۔طالبان کے شدت پسندوں اور حکومتی افواج کے درمیان ہونے والی لڑائی میں بھاری جانی نقصان ہوا ہے۔

ہلمند صوبے کے گورنر کا کہنا ہے کہ وہ اس آپریشن میں ذاتی طور پر شامل رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ہلمند کے گورنر کے ترجمان عمر زواک نے کہا ہے کہ گذشتہ رات سے اب تک ناوا اور ناد علی ضلعوں میں ہونے والی لڑائی میں طالبان کے 80 شدت پسند ہلاک ہوئے ہیں۔ہلمند کے صوبائی کونسل کے سربراہ کے مطابق اس آپریشن کے بعد طالبان کو صوبائی دارالحکومت لشکرگاہ سے پیچھے دھکیل دیا گیا ہے۔جبکہ وزارتِ دفاع کے ترجمان دولت وزیری نے کہا کہ ’لشکر گاہ میں سکیورٹی کی صورتحال قابو میں ہے۔‘یاد رہے کہ گذشتہ چند دونوں کے دوران ہلمند حکومتی افواج اور طالبان کے درمیان میدانِ جنگ بنا ہوا ہے اور دارالحکومت لشکر گاہ سے ہزاروں افراد نے محفوظ مقامات کی جانب نقل مکانی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :